مشرق وسطیٰ

قدس فورس سربراہ اسمٰعیل قاآنی کی شہادت کی افواہیں غلط:ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسمٰعیل قاآنی خیریت سے ہیں‘ ان کی شہادت سے متعلق افواہیں غلط ہیں۔

تہران (یو این آئی) ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسمٰعیل قاآنی خیریت سے ہیں‘ ان کی شہادت سے متعلق افواہیں غلط ہیں۔

ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قدس فورس کے سربراہ اسمٰعیل قاآنی کو جلد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے‘نشان فتح’دیا جائے گا۔

ایرانی حکام نے قبل ازیں بتایا تھا کہ 27ستمبر کو بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد اسمٰعیل قاآنی لبنان گئے اور اس کے بعد سے ان سے رابطہ نہیں ہورہا۔ حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کیے گئے حملوں کے وقت اسمٰعیل قاآنی بھی ضاحیہ میں موجود تھے۔

تاہم اس وقت وہ ہاشم صفی الدین سے کسی ملاقات میں مصروف نہیں تھے۔تاہم اب تسنیم نیوز ایجنسی کو اسمٰعیل قاآنی کے مشیر ابراہیم جباری نے بتایا ہے کہ اسمٰعیل قاآنی رو بہ صحت ہیں اور انہیں آنے والے دنوں میں‘نشان فتح’دیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان کا اسرائیل کو جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر کوئی بھی اسرائیلی حملہ اب بغیر جوابی حملے کے نہیں ہو سکے گا، ایک بھی حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے۔ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اندر جس ہدف کو چاہا نشانہ بنایا، ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ممالک ناکام رہے۔

ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جباری کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے ملیا میٹ کردیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائلوں نے اپنے حدف کوکامیابی سے نشانہ بنایا جو اسرائیل اور امریکا کے لیے بڑا سرپرائز تھا۔

Photo Source: @BabakTaghvaee1