تلنگانہ

سردار پٹیل نے تلنگانہ کو رضاکاروں اور نظام سے آزاد کرایا: امیت شاہ، مسلم ریزرویشن ختم کرنے کا دوبارہ اعلان

جنگاؤں اور کورٹلہ میں بی جے پی کی انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مجلس کے دباؤ کی وجہ سے حیدرآباد لبریشن ڈے نہیں مناتی۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار پٹیل نے تلنگانہ کو رضاکاروں اور نظاموں سے آزاد کرایا۔

متعلقہ خبریں
امیت شاہ سے ملاقات کی افواہ بے بنیاد: سنجے راوت
آر سی پی سنگھ، بہار میں نئی سیاسی جماعت کا آغاز کریں گے (ویڈیو)
تلنگانہ انتخابات: ووٹ دینے کے لیے آنے والے دو افراد کی موت
حلقہ اسمبلی نامپلی سے بہوجن مکتی پارٹی امیدوار نذیر احمد انصاری کا پرچہ نامزدگی داخل
ملک میں 10سال میں مزید 75ہزار میڈیکل نشستیں:امیت شاہ

جنگاؤں اور کورٹلہ میں بی جے پی کی انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مجلس کے دباؤ کی وجہ سے حیدرآباد لبریشن ڈے نہیں مناتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ہر سال 17 ستمبر کو یوم آزادی حیدرآباد کے طور پر منایا جائے گا۔

امیت شاہ نے ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بیرن پلی گاؤں میں رضاکاروں سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ 27 اگست کو بیرن پلی کے قتل عام کو ’’رضاکار ہولناکیوں‘‘ کے یادگاری دن کے طور پر منائے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بیرن پلی میں ایک یادگار تعمیر کی جائے گی۔

امیت شاہ نے کے سی آر حکومت کو ملک میں بدعنوانی میں نمبر ون قرار دیا اور کہا کہ ایک بار جب بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو ہم تمام گھوٹالوں کی تحقیقات کریں گے اور بدعنوانوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے دور میں ریاست میں کئی گھوٹالے ہوئے ہیں۔

یہ الزام لگاتے ہوئے کہ کے سی آر حکومت اقلیتوں کو خوش کرنے میں ملوث ہے، امیت شاہ نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد وہ مسلمانوں کے لئے چار فیصد ریزرویشن کو ختم کردے گی اور بی سی، ایس سی اور ایس ٹی کے ریزرویشن میں اضافہ کرے گی۔

یہ بتاتے ہوئے کہ آنے والے انتخابات تلنگانہ اور ملک کے اگلے پانچ سالوں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، انہوں نے الزام لگایا کہ کے سی آر اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے اس وعدہ کا اعادہ کیا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پسماندہ طبقات سے ہوگا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مادیگاس کو عمودی کوٹہ فراہم کرکے ان کے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا۔

خاندانی حکمرانی پر بی آر ایس، ایم آئی ایم اور کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے انہیں 2 جی، 3 جی اور 4 جی پارٹیاں قرار دیا۔ بی آر ایس دو نسلوں کی پارٹی ہے۔ اویسی تین نسلوں سے پارٹی کو کنٹرول کر رہے ہیں جبکہ کانگریس کو چوتھی نسل چلا رہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ بی جے پی تلنگانہ کے لوگوں کی پارٹی ہے۔

امیت شاہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے پوری دنیا میں عزت اور وقار حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 کانفرنس کی میزبانی کر کے حکومت نے ملک کے فخر میں مزید اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئی پارلیمنٹ بلڈنگ کی تعمیر سے غلامی کی علامتیں مٹ گئیں جبکہ ترنگے کو چندریان مشن کے ذریعے چاند پر بھیجا گیا۔