غزہ کے انڈونیشیا ہاسپٹل پر اسرائیلی بمباری، ایک درجن فلسطینی شہید
غزہ پٹی پر جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے حماس کے مراکز اور ان کے نیچے سرنگوں کی موجودگی کے بہانہ خاص طور پر شمال میں پٹی کے بہت سے ہسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے تاہم حماس نے بار بار اور واضح طور پر ہسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی تردید کی ہے۔
غزہ: غزہ پٹی پر جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے حماس کے مراکز اور ان کے نیچے سرنگوں کی موجودگی کے بہانہ خاص طور پر شمال میں پٹی کے بہت سے ہسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے تاہم حماس نے بار بار اور واضح طور پر ہسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی تردید کی ہے۔
تازہ ترین اسرائیلی بمباری میں غزہ کے انڈونیشیا ہاسپٹل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔العربیہ /الحدث کے نامہ نگار نے پیر کے روز شمالی غزہ میں انڈونیشیا ہاسپٹل کے آس پاس کے علاقہ پر توپ خانہ سے شیلنگ اور فضائی بمباری کی اطلاع دی۔دریں اثنا فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ انڈونیشیا کے ہاسپٹل پر اسرائیلی حملہ کے نتیجہ میں 12 شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ بمباری کے نتیجہ میں بے گھر افراد‘ مریض اور ڈاکٹر زخمی ہوئے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ایک گولہ ہسپتال کے صحن کے اندر گرا جبکہ قریبی عمارتوں میں سے ایک میں آگ بھڑک اٹھی۔انہوں نے مزید کہا کہ بمباری کی کارروائیوں کی وجہ سے جنریٹر بند ہونے کے بعد ہسپتال سے بجلی منقطع کر دی گئی۔نیز غزہ کے صحت کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر منیر البرش نے بتایا کہ بمباری میں انڈونیشیا کے ہسپتال کے آپریشنس کے شعبہ کے ساتھ ساتھ ہسپتال کے اطراف بھی نشانہ بنایا گیا۔
انڈونیشیا ہاسپٹل کے اندر موجود صحافیوں میں سے ایک نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں اس نے ہسپتال کے اندر کی صورت ِ حال کو انتہائی ابتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ہسپتال پر گھیرا تنگ کرنے کا خطرہ ہے اور ممکنہ طور پر یہ آخری ویڈیو ہوسکتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین نے مذکورہ ہسپتال کی طرف توپ خانے کی گولہ باری کے علاوہ کئی دوسرے مقامات پر شدید گولہ باری کی بھی اطلاع دی۔اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری میں غزہ پٹی کے شمال میں جبالیہ میں العودہ ہاسپٹل کے آس پاس کے علاقہ اور رفح کے مشرق میں النجار ہاسپٹل کے قریب 2 مکانات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔