تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کا شیڈول جاری، تین مرحلوں میں ہوگی پولنگ
رانی کومودی کے مطابق ایک مرحلے اور دوسرے مرحلے کے درمیان دو سے تین دن کا وقفہ رکھا جائے گا۔ اس بار ریاست بھر میں 12,728 سرپنچ عہدوں اور 1,12,242 وارڈ ممبر عہدوں کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کا شیڈول باقاعدہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر رانی کومودی نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابات تین مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔ پولنگ کی تاریخیں 11 دسمبر، 14 دسمبر اور 17 دسمبر مقرر کی گئی ہیں، جبکہ انتخابی ضابطۂ اخلاق (Election Code) منگل کی شام سے ہی نافذ ہو گیا ہے۔
رانی کومودی کے مطابق ایک مرحلے اور دوسرے مرحلے کے درمیان دو سے تین دن کا وقفہ رکھا جائے گا۔ اس بار ریاست بھر میں 12,728 سرپنچ عہدوں اور 1,12,242 وارڈ ممبر عہدوں کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے۔
پہلے مرحلے میں 4,200 سرپنچ اور 37,440 وارڈ ممبر عہدوں کے لیے پولنگ منعقد کی جائے گی۔ پہلے مرحلے کی نامزدگیوں کا عمل 27 نومبر سے شروع ہوگا۔ پولنگ صبح 7 بجے سے دوپہر 1 بجے تک منعقد کی جائے گی جبکہ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد دوپہر 2 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔
الیکشن کمیشںر نے بتایا کہ تلنگانہ میں 1.66 کروڑ گاؤں کے ووٹر موجود ہیں۔ قبل ازیں 29 ستمبر کو اعلان کیا گیا انتخابی شیڈول 9 اکتوبر کو عدالتی حکم کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ اب تازہ شیڈول کے مطابق دوسرے مرحلے کی نامزدگیاں 30 نومبر سے اور تیسرے مرحلے کی نامزدگیاں 3 دسمبر سے شروع ہوں گی۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے انتظامیہ اور عوام سے شفاف اور پرامن انتخابات کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے۔