سینئر اداکار ارون بالی چل بسے
ارون بالی کے بیٹے انکش نے بتایا کہ ان کے والد Myasthenia gravis نامی بیماری میں مبتلا تھے، جو کہ اعصاب اور پٹھوں کے درمیان رابطے کی خرابی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور جس سے قوت مدافعت متاثر ہوتی ہے۔

ممبئی: سینئر اور تجربہ کار اداکار ارون بالی، جو ٹی وی شو سوابھیمان اور بلاک بسٹر ہٹ 3 ایڈیٹس میں اپنے کام کے لئے مشہور ہیں، جمعہ کی صبح ممبئی کے مضافاتی علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ وہ 79 سال کے تھے۔
ارون بالی کے بیٹے انکش نے بتایا کہ ان کے والد Myasthenia gravis نامی بیماری میں مبتلا تھے، جو کہ اعصاب اور پٹھوں کے درمیان رابطے کی خرابی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور جس سے قوت مدافعت متاثر ہوتی ہے۔ انہیں اس سال کے شروع میں ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
انکش نے بتایا کہ ان کے والد پر علاج کا اچھا اثر ہورہا تھا تاہم آج صبح 4.30 بجے کے قریب ان کا انتقال ہوگیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ میرے والد ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، وہ Myasthenia gravis میں مبتلا تھے
بالی نے اپنی اداکاری کا آغاز نامور فلمساز لیکھ ٹنڈن کے ٹی وی شو دوسرا کیول سے سوپر اسٹار شاہ رخ خان کے چچا کے طور پر کیا تھا اور ٹی وی شوز جیسے کہ پیریڈ ڈرامہ چانکیہ، سوابھیمان، دیس میں نکلا ہوگا چند، کمکم – ایک پیارا سا بندھن اور دیگر میں کام کیا۔
ان کی کچھ مشہور فلموں میں سوگندھ، راجو بن گیا جنٹلمین، کھل نائک، ستیہ، لگے رہو منا بھائی، تھری ایڈیٹس، ریڈی، برفی، کیدارناتھ، سمراٹ پرتھوی راج، اور لال سنگھ چڈھا شامل ہیں۔