حیدرآباد

ٹی آر ایس میں کئی قائدین کے سی آر کے رویہ سے ناراض: نرسیا گوڑ

نرسیا گوڑ نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی دیگر قائدین، چیف منسٹر کے سی آر کے رویہ سے ناراض ہیں۔ وہ ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد ٹی آر ایس کو خیر آباد کردیں گے۔

حیدرآباد: بی جے پی قائد و سابق رکن پارلیمنٹ بھونگیر بی نرسیا گوڑ نے ٹی آر ایس پر تلنگانہ عوام کے ساتھ غداری کا الزام عائد کیا۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک کی مخالفت کرنے والے قائدین کو حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر فائز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی دیگر قائدین، چیف منسٹر کے سی آر کے رویہ سے ناراض ہیں۔

وہ ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد ٹی آر ایس کو خیر آباد کردیں گے۔ بی نرسیا گوڑ ایک دن قبل دہلی میں بی جے پی کے قومی قائدین جے پی نڈا اور ترون چگھ سے ملاقات کرنے کے بعد بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔ انہوں نے بی جے پی دفتر میں آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس میں جمہوریت کا فقدان ہے۔

 چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے غلاموں کو اعلیٰ عہدے دئیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پر منگوڈ سے کامیابی کیلئے کثیر رقم پر خرچ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی جے پی امیدوار راج گوپال ریڈی اس حلقہ سے کامیابی حاصل کریں گے۔

 پریس کانفرنس میں رکن اسمبلی ای راجندر، سابق صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ، سابق ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی کو نڈا ویشویشور ریڈی اور دیگر شریک تھے۔