برازیل میں شدید طوفان، تیز ہواؤں سے اسٹیچو آف لبرٹی زمین بوس، ویڈیو وائرل
ریاست کے میٹروپولیٹن علاقے میں واقع پورٹو الیگرے کے قریب گوائیبا شہر میں نصب اسٹیچو آف لبرٹی کا ایک بڑا مجسمہ تیز ہواؤں کی زد میں آ کر اچانک زمین پر گر پڑا۔ یہ مجسمہ تقریباً 24 میٹر اونچا تھا اور ایک ریٹیل اسٹور کے پارکنگ ایریا میں نصب کیا گیا تھا۔
برازیل: برازیل میں آنے والے شدید طوفان نے تباہی مچا دی۔ تیز ہواؤں کے سبب کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے زمین بوس ہو گئے۔ جنوبی برازیل کی ریاست ریو گرانڈے دو سُل میں ہواؤں کی شدت سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
ریاست کے میٹروپولیٹن علاقے میں واقع پورٹو الیگرے کے قریب گوائیبا شہر میں نصب اسٹیچو آف لبرٹی کا ایک بڑا مجسمہ تیز ہواؤں کی زد میں آ کر اچانک زمین پر گر پڑا۔ یہ مجسمہ تقریباً 24 میٹر اونچا تھا اور ایک ریٹیل اسٹور کے پارکنگ ایریا میں نصب کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق، طوفانی ہواؤں کے دوران مجسمہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور سیدھا پارکنگ ایریا میں جا گرا۔ خوش قسمتی سے اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔
مجسمہ گرنے کے مناظر کسی شخص نے ویڈیو میں قید کر لیے، جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق طوفان کے دوران ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔
انتظامیہ نے میٹروپولیٹن علاقے میں شدید موسمی انتباہ جاری کر دیا ہے اور عوام کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ طوفان کے سبب کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔