ایرانڈیا کی سانفرانسسکو۔ ممبئی پرواز میں جھینگر!
ایرانڈیا کے مسافرین نے سانفرانسسکو تا ممبئی پرواز کے دوران چھوٹے جھینگر دکھائی دینے کی شکایت کی جس کے بعد پیر کی صبح کولکتہ ایرپورٹ پر اسٹاپ اوور کے دوران طیارہ کی اچھی طرح صفائی کی گئی۔
نئی دہلی۔ 4 اگست۔(پی ٹی آئی) ایرانڈیا کے مسافرین نے سانفرانسسکو تا ممبئی پرواز کے دوران چھوٹے جھینگر دکھائی دینے کی شکایت کی جس کے بعد پیر کی صبح کولکتہ ایرپورٹ پر اسٹاپ اوور کے دوران طیارہ کی اچھی طرح صفائی کی گئی۔
ایرلائن نے کہا کہ وہ جامع تحقیقات کرے گی کہ یہ واقعہ کیوں پیش آیا۔ وہ آئندہ ایسا نہ ہونے دینے کے اقدامات بھی کرے گی۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ راڈار 24 ڈاٹ کام پر دستیاب جانکاری کے بموجب یہ طیارہ بوئنگ 777 تھا۔
ایرلائن کے ترجمان نے پیر کے دن ایک بیان میں کہا کہ ہماری پرواز AI-180 (سانفرانسسکو تا ممبئی براہ کولکتہ) میں 2 مسافرین کو چند چھوٹے جھینگروں کی موجودگی سے پریشانی ہوئی۔
ہمارے عملہ نے ان مسافرین کو اُسی کیبن میں دوسری نشستوں پر بٹھادیا جہاں ان کی تکلیف دور ہوگئی۔ کولکتہ میں یہ طیارہ ایندھن بھروانے کے لئے رکتا ہے جہاں اس کی اچھی طرح صفائی کی گئی اور بعدازاں طیارہ نے ممبئی کا سفر جاری رکھا۔
ترجمان نے کہا کہ وقفہ وقفہ سے اچھی طرح صفائی اور جراثیم کش دواؤں کے چھڑکاؤ کے باوجود گراؤنڈ آپریشن کے دوران بعض اوقات طیارہ میں کیڑے مکوڑے آجاتے ہیں۔ ایرانڈیا پتہ چلائے گی کہ یہ جھینگر کہاں سے آئے۔ تدارک کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ترجمان نے مسافرین سے معذرت خواہی بھی کی۔