سدارامیا چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے حمایت کریں گے: شیوکمار
شیوکمار نے تاہم واضح کیا کہ ان کے اور سدارامیا کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میرے اور ان کے درمیان اختلافات ہیں لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔

تمکورو: کرناٹک اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کے بعد کانگریس نے چیف منسٹر کے عہدہ کا دعویٰ کرتے ہوئے اتوار کو پارٹی کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا ان کی حمایت کریں گے۔
شیوکمار نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا۔ اپنے دعوے میں دلیل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پارٹی کو کرناٹک اسمبلی انتخابات جیتنے کا چیلنج دیا گیا تو اعلیٰ لیڈران پیچھے ہٹ گئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ “میرے پارٹی کی ذمہ داری سنبھالنے سے پہلے دنیش گنڈوراؤ اور سدارامیا دونوں نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا کہ یہ ان کے ہاتھ سے باہر کا معاملہ ہے۔ اس کے بعد محترمہ سونیا گاندھی نے مجھے بلایا اور مجھے یہ ذمہ داری سونپی۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ” سونیا گاندھی، ملیکارجن کھڑگے اور دیگر لیڈران نے جیل میں مجھ سے ملاقات کی اور مجھے طاقت بخشی۔ میں نے اپنے لیے کچھ نہیں کیا۔ میں نے پارٹی کے لیے کیا۔ میں نے دن رات محنت کی ہے اور سب کو ساتھ لے کر چلا۔ سب نے تعاون کیا اور اسی محنت کی وجہ سے ہم اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 سے پہلے مجھے وزیر نہیں بنایا گیا تھا لیکن میں نے اچھا برتاؤ کیا۔ میں نے تب مسٹر سدارامیا کے لیے کام کیا تھا اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ میرے لیے بھی ایسا ہی کریں گے۔
شیوکمار نے تاہم واضح کیا کہ ان کے اور سدارامیا کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میرے اور ان کے درمیان اختلافات ہیں لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔
دریں اثنا، چیف منسٹر شپ کے دوسرے دعویدار مسٹر سدارامیا اپنے حق میں ایم ایل اے کی حمایت اکٹھا کررہے ہیں۔ وہ کانگریس لیڈر بیرتھی سریش کے دفتر میں کئی ایم ایل اے کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں جو ان کے حامی بتائے جاتے ہیں۔
قبل ازیں سابق وزراء پرینک کھڑگے، ایم بی پاٹل، ضمیر احمد خان اور دیگر نے مسٹر سدارامیا سے ملاقات کی۔
ایک سوال کے جواب میں کانگریس لیڈر سید نصیر حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان دو تین دن میں کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جلد از جلد کابینہ تشکیل دینے کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔