جموں و کشمیر

ناسازگار موسم کی وجہ سے عیدگاہ میں نماز نہیں ہوگی

سری نگر میں ناسازگار موسم کی وجہ سے تاریخی عیدگاہ میدان میں نماز عید کا اجتماع نہیں ہوگا۔ جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیرپرسن درخشاں عندرابی نے آج یہ بات بتائی۔

سری نگر: سری نگر میں ناسازگار موسم کی وجہ سے تاریخی عیدگاہ میدان میں نماز عید کا اجتماع نہیں ہوگا۔ جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیرپرسن درخشاں عندرابی نے آج یہ بات بتائی۔

قبل ازیں وقف بورڈ نے کہا تھا کہ تین سال میں پہلی مرتبہ عیدگاہ میں نماز عید ادا کی جائے گی۔ بہرحال جب نامہ نگاروں نے ان سے اس کے بارے میں دریافت کیا تو عندرابی نے جواب دیا کہ موسم کی وجہ سے یہ مشکل ہے۔

وقف بورڈ کی صدرنشین نے کہا کہ نماز عید کا اجتماع زیارت گاہ حضرت بل میں منعقد ہوگا جہاں حضرت محمدؐ کے آثار مبارک بھی موجود ہیں۔ عندرابی نے ڈل جھیل کے کنارے واقع اس درگاہ کا دورہ کیا اور نماز عید کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم درگاہ کو آئے ہیں۔

گزشتہ چند دنوں سے موسم ناساگار رہا ہے لیکن ہمیں خدا پر بھروسہ ہے اور امید ہے کہ موسم بہتر ہوگا۔ میں نے نماز عید کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔

وقف بورڈ نے تیاریاں کی ہیں اور شامیانے نصب کردیئے گئے ہیں تاکہ تمام مساجد اور درگاہوں میں خوشگوار ماحول میں نماز عید کی بلا خلل ادائیگی عمل میں آسکے۔ وقف بورڈ کی چیرپرسن نے کہا کہ اگر موسم اجازت دیتا ہے تو درگاہِ حضرت بل کے باہر بھی صفیں بنائی جائیں گی ورنہ درگاہ کے اندر ہی نماز ادا کی جائے گی۔