تلنگانہ

خاتون کنڈکٹر کی موت کے بعد ٹی جی ایس آر ٹی سی کا اہم فیصلہ

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) نے بسوں میں مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ اب مسافر دروازوں والی تمام بسوں کو سفر کے دوران دروازے مکمل طور پر بند رکھ کر چلانا لازمی ہوگا۔

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) نے بسوں میں مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ اب مسافر دروازوں والی تمام بسوں کو سفر کے دوران دروازے مکمل طور پر بند رکھ کر چلانا لازمی ہوگا۔

یہ فیصلہ 24 سالہ خاتون بس کنڈکٹر جی پروالیکا کی موت کے بعد کیا گیا ہے، جنہیں مبینہ طور پر ایک خاتون مسافر نے چلتی بس سے دھکا دے دیا تھا۔ پروالیکا منوگوڑو آر ٹی سی ڈپو میں کنڈکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں اور منگل کی رات دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔ یہ واقعہ 25 اکتوبر کو بھدرا دری کتہ گوڑم ضلع کے اشواپورم منڈل میں متیّا گوڑم کے قریب پیش آیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ پروالیکا منوگوڑو سے بھدراچلم جانے والی پلّے ویلوگو بس میں ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں، اسی دوران مسافر بنوتھ مونیکا کے ساتھ اپنے بیٹے کے ٹکٹ اور 100 روپے کے نوٹ کے بقایا پیسوں کو لے کر بحث ہوگئی۔ الزام ہے کہ بحث کے دوران خاتون مسافر نے پروالیکا کو چلتی بس سے دھکا دے دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

اس افسوسناک واقعہ کے بعد ٹی جی ایس آر ٹی سی کے شعبہ میکانیکل انجینئرنگ نے تمام ڈپٹی ریجنل منیجرس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دائرہ اختیار میں چلنے والی تمام بسوں کے مسافر دروازوں کی درست حالت کو یقینی بنایا جائے اور بس حرکت میں رہنے کے دوران دروازے ہر حال میں بند رکھے جائیں۔

کارپوریشن نے فیلڈ سطح کے عہدیداروں کو ان ہدایات پر سختی سے عمل آوری کی ذمہ داری سونپی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور مسافروں کے ساتھ ساتھ آر ٹی سی عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔