حیدرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں جرائم کی وارداتوں میں معمولی اضافہ: سی وی آنند
سی وی آنند نے کہاکہ خواتین کے خلاف جرائم کی وارداتوں میں قدرے کمی ہوئی ہے۔یہ وارداتیں 2652 سے گھٹ کر2524 ہوگئی ہیں جبکہ پوکسو معاملات 399 سے گھٹ کر 350ہوگئے ہیں۔
حیدرآباد: حیدرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں جرائم کی وارداتوں میں جاریہ سال معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی وارداتوں میں کمی درج کی گئی ہے۔کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے اپنی سالانہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بہ حیثیت مجموعی جاریہ سال اب تک جرائم کی 22060 وارداتیں پیش آئی ہیں جبکہ گذشتہ سال یہ وارداتیں 21998 تھیں۔
انہوں نے کہاکہ خواتین کے خلاف جرائم کی وارداتوں میں قدرے کمی ہوئی ہے۔یہ وارداتیں 2652 سے گھٹ کر2524 ہوگئی ہیں جبکہ پوکسو معاملات 399 سے گھٹ کر 350ہوگئے ہیں۔
جاریہ سال سائبرجرائم کی وارداتوں میں اضافہ درج کیاگیا ہے۔یہ وارداتیں گذشتہ سال 2066 تھیں جو اب 2249 رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے مختلف اقدامات کے نتیجہ میں جرائم قابو میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اغوا کی وارداتیں جو سال گذشتہ 89 تھیں جاریہ سال 63 تک ہی محدود رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے کئی شعبہ جات نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجہ میں شہر میں امن رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اہم تہواروں، اجلاسوں اور سیاسی پروگراموں میں امن کو یقینی بنایاگیا ہے۔