کشمیر میں 21 سے 24جنوری تک برف باری متوقع
سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے دوران موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایاکہ وادی میں 21سے 24جنوری تک موسم جزوی یا مجموعی طورپر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 22 جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ وادی میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے جبکہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 24 جنوری کو بھی کم و بیش موسم کی یہی صورتحال رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 25 سے 27 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔ادھر وادی میں مطلع صاف رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 21 دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔سری نگر میں سال 1974 کے ماہ دسمبر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور 13 دسمبر سال 1964 کو شبانہ درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وسطی کشمیر میں واقع وادی کے ایک اور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں منفی 1.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.8 ڈگری سیںٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کا باد شاہ چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔ یہ چلہ ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری باری کے لئے مشہور ہے اور اس کے بعد 20 دنوں پر محیط چلہ خورد شروع ہوجاتا ہے۔