جموں و کشمیر

کشمیر میں سال نو کے پہلے ہفتے کے دوران برف باری کا امکان

انہوں نے کہا کہ وادی میں 3 جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔

سری نگر: محکمہ موسمیات کی طرف سے سال نو کے پہلے ہفتے کے دوران برف باری کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور بر قرار ہے جس سے اہلیان وادی گونا گوں مشکلات سے دو چار ہیں۔

متعلقہ خبریں
آج سے 4دنوں تک بارش کا امکان
تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹے میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان
حیدرآباد میں جاریہ ماہ زائد درجہ حرارت کی پیش قیاسی

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جنوبی کشمیر میں واقع سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں 21 دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔

سری نگر میں سال 1974 کے ماہ دسمبر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور 13 دسمبر سال 1964 کو شبانہ درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

جنوبی کشمیر کے پلوامہ، اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ، 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق ایک کمزور مغربی ہوا کے زیر اثر وادی میں یکم جنوری کی شام سے 2 جنوری کی سہہ پہر تک کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 3 جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ اس کے بعد ایک اور مغربی ہوا کے زیر اثر 4 جنوری کی شام سے 5جنوری کی رات دیر گئے تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 6 جنوری کی دوپہر سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 7 جنوری سے 10 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمے نے ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اہم گذر گاہوں اور پہاڑی علاقوں پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے اور برفانی حالات کے یش نظر ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ 4 سے 6 جنوری کے دوران وادی کے کچھ پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔