سوشیل میڈیاکھیل

فٹبالر اشرف حکیمی:میدان میں ماں اور بیٹے کے جذباتی مناظر(ویڈیو وائرل)

حکیمی کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھاکہ ان کی والدہ گھروں میں جاکر صفائی کا کام کرتی تھیں۔ ان کے والد بھی سڑک کنارے دکان لگا کر سامان فروخت کرتے تھے۔

دوجہ: قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں اتوار کو مراقش اور بلجیم کے درمیان میچ کے بعد کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی ہے۔ یہ تصویر مراقش کے اسٹار ڈیفنڈر اشرف حکیمی کی ہے جس میں وہ اپنی ماں کا ماتھا چومتے نظر آرہے ہیں۔

 ایک اور تصویر میں ان کی والدہ بھی انہیں پیار کرتی نظر آرہی ہیں۔ اتوار کے میچ میں مراقش نے بلجیم کو 2-0 سے شکست دی۔ عالمی نمبر 2 بلجیم کیلئے فیفا رینکنگ میں 22 ویں نمبر کی ٹیم سے ہارنا ایک بڑا اپ سیٹ تھا۔ اس فتح کے بعد ایک طرف جہاں مراقش کے شائقین اسٹیڈیم میں جھوم اٹھے۔

اسی لیے اس ٹیم کے تجربہ کار محافظ حکیمی اپنی والدہ کے پاس جاکر اس فتح کا جشن منارہے تھے۔حکیمی کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھاکہ ان کی والدہ گھروں میں جاکر صفائی کا کام کرتی تھیں۔ ان کے والد بھی سڑک کنارے دکان لگا کر سامان فروخت کرتے تھے۔

حکیمی نے بتایاکہ وہ ایک معمولی گھرانے سے ہیں جہاں زندگی کی گاڑی کو چلانے کیلئے انہیں کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ حکیمی نے انٹرویو میں بتایاکہ میں اب ان (والدین) کیلئے لڑتا ہوں۔ انہوں نے میرے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے میرے کامیاب ہونے کیلئے میرے بھائیوں کو بہت سی چیزوں سے محروم کردیا۔  24سالہ حکیمی اس وقت پیرس سینٹ جرمین کیلئے کھیلتے ہیں۔ اس سے قبل وہ ریال میڈرڈ، بوروسیا ڈورٹمنڈ اور انٹر میلان کیلئے بھی کھیل چکے ہیں۔ وہ 2017 سے پروفیشنل فٹبال کھیل رہے ہیں۔

 انہوں نے 2016 میں مراقش کیلئے ڈیبیو کیا۔حکیمی کے والدین کا تعلق مراقش سے ہے۔ لیکن وہ برسوں پہلے اسپین آئے تھے۔ حکیمی اسپین میں پیدا ہوئے۔ حکیمی بچپن سے ہی فٹبال کے دیوانے تھے۔ 8 سال کی عمر میں حکیمی نے ریئل میڈرڈ کلب کے یوتھ سیٹ اپ میں شمولیت اختیار کی۔

 ان کے پاس اسپین کیلئے بین الاقوامی ڈیبیو کرنے کا بھی موقع تھا لیکن انہوں نے مراقش کا انتخاب کیا۔ حکیمی کی شادی ایک ہسپانوی اداکارہ ہیبا ابوک سے ہوئی۔ وہ دو بچوں کے باپ ہیں۔