جیا جیا ہے کو تلنگانہ کے سرکاری ترانہ کا موقف: ریونت ریڈی
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ حکومت نے تلنگانہ کے ریاستی ترانہ کے طور پر ’جیا جیا ہے تلنگانہ‘ کو منظوری دے دی ہے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ حکومت نے تلنگانہ کے ریاستی ترانہ کے طور پر ’جیا جیا ہے تلنگانہ‘ کو منظوری دے دی ہے۔
اس سال 2 جون کو تشکیل تلنگانہ کے دس سال کی تکمیل کے موقع پر تقاریب کو شایان شان طریقے سے منعقد کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ان ہی تقاریب کے دوران جیا جیا ہے تلنگانہ ترانہ کو عوام کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ تحریک کے دوران تلنگانہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے اس گیت کو سبھی کی منظوری سے ریاستی ترانہ کے طور پر قبول کیا گیا ہے، تاکہ آنے والی نسلیں اسے یاد رکھے۔ تلنگانہ کے نامور تلگوشاعراور مصنف اندے سری نے کہا کہ بیس سال قبل لکھا گیا اس گیت کو بنا کسی تبدیلی قبول کر لیا گیا ہے۔
اس نغمہ کیلئے آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقی کار ایم ایم کیروانی نے موسیقی کے ساتھ ساتھ آواز بھی دی ہے۔ سیکریٹریٹ میں آج منعقدہ کل جماعتی قائدین کے اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی‘ قانون ساز کونسل چیرمین گتا سکھیندر ریڈی‘ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر گڈم پرساد کمار‘ وزراء اتم کمار ریڈی،
کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی‘ دامودرا راج نرسمھا‘ پونگولیٹی سرینواس ریڈی‘ تملا ناگیشورا راؤ‘جوپلی کرشنا راؤ، سیتااکا‘ سابق وزیر جانا ریڈی‘پروفیسر کودنڈا رام‘ شاعر اندے سری، میوزک ڈائرکٹر کیروانی، سی پی آئی ایم ایل اے سامباشیو راؤ، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویربھدرم کیساتھ ممبران پارلیمنٹ‘ ایم ایل ایز، سابق ممبران پارلیمنٹ اور دیگر نے شرکت کی۔
تلنگانہ بل کی منظوری کے موقع پر پارلیمنٹ میں موجود ارکان اور تلنگانہ تحریک میں اہم کردار ادا کرنے والے دیگر سماجی کارکنان بھی اس اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں تلنگانہ کے ریاستی ترانہ کے ساتھ ساتھ تشکیل تلنگانہ کے دس سالہ تکمیل پر منعقد کئے جا رہے جشن کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ جیا جیا ہے تلنگانہ نغمہ کو دو‘ ورژن میں بنایا گیا۔ایک ویڈیو 2.30 منٹ طویل اور دوسرا 13.30 منٹ طویل ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ سرکاری تقاریب کیلئے ڈھائی منٹ کا مختصر ترانہ استعمال ہوگا جس میں تین بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں ورژنس کو ریاستی ترانہ تصور کیا جائے گا۔ اس موقع پرمیوزک کمپوزر کیراوانی کی قیادت میں نوجوان گلوکاروں کے ایک گروپ نے نغمہ سنایا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو کے ایک حصے کے طور پر‘ ان کی حکومت نے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ ریاست کا مخفف ٹی ایس سے بدل کر ٹی جی کر دیا گیا ہے۔ گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبروں کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری ادارے ٹی جی میں تبدیل ہوں گے۔
چیف منسٹر نے مزید کہا کہ کابینہ میں لئے گئے فیصلے کی بنیاد پر ریاستی ترانہ کو منظوری دی گئی ہے اور ریاستی حکومت نے سرکاری نشان اور تلنگانہ تلی مورتی کوبھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ انہیں ریاست کے مختلف حصوں سے فنکاروں سے تقریباً 500 نمونے موصول ہو چکے ہیں۔
انہوں بتایا کہ تمام ڈیزائن ابھی زیر غور ہیں اور ابھی تک سرکاری نشان کے ڈیزائن کو کوئی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تلی کی مورتی کے بارے میں بھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور فنکاروں نے بتایا کہ مختلف ڈیزائن بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تلی کی نئی علامت اور مورتیوں کے تعلق سے غلط فہمیوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کو موقع دیئے بغیر اسمبلی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب اقدامات تلنگانہ کے وقار کو بلند کرنے کے لیے ہوں گے تاکہ یہ سب کے لیے قابل قبول ہو اور آنے والی نسلوں کو تحریک حاصل ہو سکے۔