ہندوستانی دلہا شیطان سنگھ، اٹاری۔ واگھاسرحد پر پھنس گیا
راجستھان کے شیطان سنگھ کی 4 سال پہلے پاکستان کے صوبہ سندھ کے کیسر کنور کے ساتھ منگنی ہوئی تھی۔ دلہے کے خاندان نے کئی برسوں تک ویزا حاصل کرنے کی جدوجہد کی۔

جئے پور (پی ٹی آئی) راجستھان کے شیطان سنگھ کی 4 سال پہلے پاکستان کے صوبہ سندھ کے کیسر کنور کے ساتھ منگنی ہوئی تھی۔ دلہے کے خاندان نے کئی برسوں تک ویزا حاصل کرنے کی جدوجہد کی۔
سرحد پار ہونے والی شادی میں ایک اور رکاوٹ اس وقت پیدا ہوئی جب حکومت نے جمعرات کے روز اٹاری سرحد کو بند کردیا۔
شیطان سنگھ 30اپریل کو پاکستان کے امرکورٹ شہر میں شادی کے بندھن میں بننے کی پوری تیاریاں کرچکاتھا۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ منگل کے روز ضلع بار میر سے بارات لے کر اٹاری سرحد کی طرف روانہ ہوا تھا لیکن وہ لوگ جب تک وہاں پہنچے‘حکام نے انہیں سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ ہندوستان نے چہارشنبہ کے روز پہلگام حملہ کے جواب میں اٹاری۔ واگھا سرحد کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیاتھا۔
سنگھ نے بتایا کہ ہم اس دن کا طویل عرصہ سے انتظار کررہے تھے۔ کئی برسوں کی کوششوں کے بعد 18 فروری کو ان کے والد اور بھائی کو ویزا منظور کیاگیا۔دلہے کے رشتہ دار سریندر سنگھ نے بتایا کہ اس صورتحال نے دونوں خاندانوں کی دل شکنی کی ہے۔ پاکستان سے ہمارے رشتہ دار یہاں آئے تھے لیکن انہیں واپس جاناپڑا۔ ہم بے حد مایوس ہیں۔
دہشت گرد حملوں کی وجہ سے بے حد نقصان پہنچاہے۔ تعلقا ت خراب ہوئے ہیں۔ سرحد پر نقل و حرکت رک گئی ہے۔