حیدرآباد

حیدرآباد میں اسٹیٹ اساتذہ یونین تلنگانہ کی جانب سے دعوۃ الافطار تقریب کا انعقاد

انہوں نے کہا کہ روزوں کے ساتھ ساتھ فطرہ اور زکوٰۃ کی ادائیگی بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ سونا، چاندی، نقد رقم، بینک بیلنس اور منافع کی نیت سے رکھی گئی اشیاء کی مجموعی مالیت کا ڈھائی فیصد بطور زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہے، جو معاشرے میں معاشی توازن قائم رکھنے کا ذریعہ بنتا ہے۔

حیدرآباد: اساتذہ یونین تلنگانہ اسٹیٹ (STUTS) کے زیر اہتمام شاہ فنکشن ہال، لکڑی کا پل، حیدرآباد میں دعوۃ الافطار کی ایک باوقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں
مائنارٹی سب پلان کے نفاذ کا مطالبہ، ایس سی، ایس ٹی، بی سی و مسلم فرنٹ کے وفد کی محمد اظہرالدین سے ملاقات
گولکنڈہ قلعہ کے ممنوعہ اراضی کے تحفظ کے لیے اے ایس آئی کو نمائندگی
ٹولی چوکی میں جلسہ یومُ الفرقان کا انعقاد
وزیر اعلیٰ تلنگانہ نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کے نئے ہال کا افتتاح کیا۔ خواتین کو عالمی دن کی مبارکباد
عالمی یومِ خواتین پر خصوصی رپورٹ ساجدہ خان: بھارت کی پہلی خاتون آڈیو انجینئر اور خواتین کے لیے ایک مثال

اس تقریب میں AISTF، STUTS، TGEJAC اور JACTO کے قائدین کے علاوہ ریاستی، ضلعی اور منڈل سطح کے عہدیداران، ہیڈ ماسٹرس، اساتذہ کرام اور میڈیا سے وابستہ معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز محمد نظیرالدین کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس سے محفل روحانیت سے معطر ہوگئی۔ بعد ازاں محمد صادق احمد نے تلگو زبان میں ماہِ رمضان المبارک کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک عبادت، تقویٰ اور ایثار کا پیغام لے کر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزوں کے ساتھ ساتھ فطرہ اور زکوٰۃ کی ادائیگی بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ سونا، چاندی، نقد رقم، بینک بیلنس اور منافع کی نیت سے رکھی گئی اشیاء کی مجموعی مالیت کا ڈھائی فیصد بطور زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہے، جو معاشرے میں معاشی توازن قائم رکھنے کا ذریعہ بنتا ہے۔

اس موقع پر STUTS کے جنرل سیکریٹری محمد افتخارالدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، انسانیت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افطار کی یہ محفل صرف روزہ افطار کرنے کا موقع نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے اور معاشرے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ ٹیچرز یونین آزادی سے قبل قائم ہونے والی ایک تاریخی اور سیکولر تنظیم ہے جس کے بانی معروف انقلابی شاعر مخدوم محی الدین تھے۔ یہ یونین اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہے۔

STUTS کے صدر اور AISTF کے جنرل سیکریٹری جی سدانندم گوڑ نے اپنے خطاب میں اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونین ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم اسکولوں، اساتذہ اور طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں اور اردو میڈیم اساتذہ کے لیے خصوصی ڈی ایس سی کے انعقاد کے سلسلے میں اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہرالدین سے نمائندگی بھی کی گئی ہے۔

TNGO کے جنرل سیکریٹری مجیب حسین نے کہا کہ STUTS کی جانب سے بڑے پیمانے پر افطار کا اہتمام قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ رمضان المبارک کی برکت سے ملک میں امن و امان قائم رہے اور معاشرے میں اتحاد و اتفاق کو فروغ ملے۔

TGEJAC کے جنرل سیکریٹری ایلوری سرینواس نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ سے قربت حاصل کرنے اور نیکیوں کی طرف راغب ہونے کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے افراد کا اس تقریب میں شرکت کرنا باہمی احترام اور بھائی چارے کی روشن مثال ہے۔

TGEJAC کے چیئرمین اور TNGO کے صدر مارم جگدیشور نے کہا کہ روزہ انسان کو صبر اور خدا کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اس بابرکت مہینے کی برکت سے اساتذہ اور ملازمین کے مسائل جیسے پی آر سی، بقایاجات اور ہیلتھ کارڈ جیسے معاملات جلد حل ہوں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن سری لنگیا اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ماڈل اسکولز سری سرینواس چاری نے بھی رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب میں جی سدانندم گوڑ، جٹو گجندر، مارم جگدیشور، ایلوری سرینواس، مجیب حسین، ایم پروت ریڈی، محترمہ آر روہنی، عارف رضوان، محمد صادق احمد، وحید اللہ حسینی، پی راما سببا راؤ، ایم نرسیمہا ریڈی، محمد بشیرالدین، کمال احمد، میر محمد علی، وائی کروناکر ریڈی، شنکر ماتنگی، اے وی سدھاکر، شفیع الدین ظفر، اظہر جہاں، واجد علی، پی پروین کمار، ایس پندو رنگا ریڈی، این سدھاکر ریڈی، بی سرینواس راٹھوڑ، جیون راٹھوڑ، چاری ہری پرساد، کے بھوپال، سید حبیب اور نظیرالدین سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

آخر میں STUTS حیدرآباد ضلع کے صدر پی راما سببا راؤ نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں، اساتذہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی خدمات کو سراہا۔