تاج محل کے قریب تمام تجارتی سرگرمیاں روک دی جائیں: سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے آگرہ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ہدایت دی کہ تاج محل کے احاطہ کی دیوار سے 500میٹر ریڈئیس کے اندر تمام تجارتی سرگرمیاں فوری رکوادے۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آگرہ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ہدایت دی کہ تاج محل کے احاطہ کی دیوار سے 500میٹر ریڈئیس کے اندر تمام تجارتی سرگرمیاں فوری رکوادے۔
جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس اے ایس اوکا پر مشتمل بنچ نے آگرہ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سے کہا کہ وہ 17 ویں صدی کے سفید سنگ مرمر سے بنے مقبرہ سے متعلق احکام پر عمل آوری کو یقینی بنائے۔ عمارت کا 500 میٹر ریڈئیس نان کنسٹرکشن زون ہے۔ یہاں گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی سخت تحدیدات ہیں۔
عمارت کے قریب لکڑی‘ کچرہ اور پرالی جلانا بھی ممنوع ہے۔ عدالت نے اپنے معاون وکیل اے ڈی این راؤ کی بات سنی جنہوں نے کہا کہ تاریخی عمارت کے مفاد میں ہوگا کہ تاج محل کے قریب تمام تجارتی سرگرمیاں روک دینے کی ہدایت دی جائے۔
500 میٹر ریڈئیس کے باہر کاروبار کرنے کے لئے جن دکانداروں کو جگہ الاٹ کی گئی ان کے ایک گروپ نے عدالت سے کہا تھا کہ تاج کے قریب غیرقانونی تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں جو سپریم کورٹ کے پچھلے احکام کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے 1631 میں اپنی بیگم ممتاز محل (ارجمند بانو بیگم) کی یاد میں تاج محل کی تعمیر کرائی تھی۔