انٹرٹینمنٹ

آشا پاریکھ کو داداصاحب پھالکے ایوارڈ

”کٹی پتنگ“ ”میرا گاؤں میرا دیش“ اور ”لو اِن ٹوکیو“ جیسی یادگار فلموں میں شاندار کردار ادا کرنے والی اپنے وقت کی عظیم اداکارہ آشاپاریکھ کو سال 2020 کے لئے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

نئی دہلی: ”کٹی پتنگ“ ”میرا گاؤں میرا دیش“ اور ”لو اِن ٹوکیو“ جیسی یادگار فلموں میں شاندار کردار ادا کرنے والی اپنے وقت کی عظیم اداکارہ آشاپاریکھ کو سال 2020 کے لئے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

صدرجمہوریہ دروپدی مرمو 30 ستمبر کو نئی دہلی میں 68 ویں قومی فلم ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب میں آشا پاریکھ کو ایوارڈ پیش کریں گی۔

52ویں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کی جیوری کے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے منگل کو کہاکہ ”مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ دادا صاحب پھالکے سلیکشن جیوری نے آشا پاریکھ جی کو ہندوستانی سنیما میں ان کی مثالی اداکاری کے لیے اعزاز سے سرفراز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹھاکر نے یہ بھی اعلان کیا کہ 68 ویں قومی فلم ایوارڈ تقریب 30 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہوگی اور اس کی صدارت ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو کریں گی۔فلموں میں اداکاری کے علاوہ آشا پاریکھ نے ہدایت کار اور پروڈیوسر کے کردار سے بھی ہندوستانی سنیما کو مالا مال کیا۔

انہوں نے ایک قابل ہندوستانی کلاسیکل رقاصہ کے طور پر سنیما اور کوریوگرافی سے محبت کرنے والوں کے ذہنوں پر بھی انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے ”دل دے کے دیکھو“ میں مرکزی ہیروئن کے طور پر قدم رکھا اور 95 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ انہوں نے ”تیسری منزل“ ”آیا ساون جھوم کے“ ”آن ملو سجنا“ اور ”میرا گاؤں میرا دیش“ جیسی مشہور فلموں میں بھی یادگار اداکاری کی ہے۔

آشا پاریکھ کو پھالکے ایوارڈ دینے کا فیصلہ پانچ رکنی جیوری نے کیا۔ اس جیوری میں آشا بھوسلے، ہیما مالنی، پونم ڈھلون، ٹی ایس ناگبھرن اور اُدت نارائن تھے۔آشا پاریکھ کو 1992 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ وہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کے سربراہ کے طور پر بھی 1998-2001 خدمات انجام دے چکی ہیں۔

a3w
a3w