مہاراشٹرا

تیزاب کے حملے میں آوارہ کتا ایک آنکھ سے محروم (ویڈیو)

شہر کے مالوانی علاقہ میں ایک خاتون کے تیزابی حملے میں آوارہ کتا جھلس گیا اور ایک آنکھ سے بھی محروم ہوگیا۔ 35 سالہ شبستہ انصاری نے حملے کی وجہ یہ بتائی کہ یہ کتا (برونی) اُن بلیوں سے بات کرتا تھا جنہیں وہ اپنی عمارت میں کھانا کھلاتی تھی۔

ممبئی: شہر کے مالوانی علاقہ میں ایک خاتون کے تیزابی حملے میں آوارہ کتا جھلس گیا اور ایک آنکھ سے بھی محروم ہوگیا۔ 35 سالہ شبستہ انصاری نے حملے کی وجہ یہ بتائی کہ یہ کتا (برونی) اُن بلیوں سے بات کرتا تھا جنہیں وہ اپنی عمارت میں کھانا کھلاتی تھی۔

یہ واقعہ 17/اگست کا ہے اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ٹی وی ایکٹر جیہ بھٹاچاریہ اور اس کی ٹیم برونی کو بچانے آگے آئی۔

برونی کو بھٹاچاریہ کے این جی او تھینک یو ارتھ لے جایا گیا جہاں جانوروں کا ماہرانہ علاج ہوتا ہے۔

بھٹاچاریہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے حسب درخواست فوری پولیس کو اطلاع دے دی او رڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا جس میں برونی کے زخموں کی تفصیلات ہیں۔

بھٹاچاریہ نے کہا کہ یہ صدمہ انگیز ہے کہ بلیوں کو کھانا کھلانے والا کوئی شخص دوسرے جانوں پر حملہ کرسکتا ہے۔

یہ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا جب انصاری نے مبینہ طور پر برونی پر تیزاب پھینکا جس کے بعد وہ تکلیف میں بدحواسی کے عالم میں دوڑا۔

مالوانی پولیس نے انصاری کے خلاف تعزیرات ہند اور جانوروں پر مظالم کی روک تھام اور مہاراشٹرا پولیس ایکٹ کے تحت کیس درج کرلیا۔

اپنی شکایت میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکین بالا صاحب تکارام بھگت نے برونی کی کمیونٹی میں پانچ سال سے موجودگی کی تفصیل بتائی اور یہ بھی کہ کس طرح انصاری اکثر بلیوں کو کھانا کھلاتے وقت کتے کو بھگاتی تھی۔

جانوروں کی بہبود کی کئی تنظیموں نے بھی واقعہ کی مذمت کی اور ایسے معاملات سے ذمہ داری سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔