مقررہ وقت کے بعد ہوٹلس کھلی رکھنے پر سخت کارروائی کی جائے: سٹی کمشنر پولیس
سٹی کمشنر پولیس کے سرینواس ریڈی نے آج اپنے ماتحت عہدیداروں کو شہر میں مقررہ وقت پر ہوٹلس اور پان شاپس کو بند کرانے کی ہدایت دی ہے اور انہوں نے احکام کی خلاف ورزی کرنے پر ہوٹل اور پان شاپس مالکین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
حیدرآباد: سٹی کمشنر پولیس کے سرینواس ریڈی نے آج اپنے ماتحت عہدیداروں کو شہر میں مقررہ وقت پر ہوٹلس اور پان شاپس کو بند کرانے کی ہدایت دی ہے اور انہوں نے احکام کی خلاف ورزی کرنے پر ہوٹل اور پان شاپس مالکین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
کمشنر سرینواس ریڈی نے کہاکہ اگر ہوٹل یا پان شاپ کا مالک، مقررہ وقت کے بعد بھی اپنا کاروبار جاری رکھے گا تو انہیں پہلی بار بانڈ اوور کیا جائے گا۔ دوسری بار رات دیر گئے تک ہوٹل کھلی رہے گی تو متعلقہ ہوٹل کا مالک جیل بھی جائے گا۔ ہوٹل مالک پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیاجائے گا۔
اس کے علاوہ اگر تیسری بار بھی مقررہ وقت کے بعد ہوٹل کھلی رہے گی تو ہوٹل کا لائسنس منسوخ کردیاجائے گا اور پہلی بار میں بانڈ اوورایک لاکھ تا 2لاکھ روپئے کی رقم کا ہوگا۔ کل رات آصف نگر ڈیویثرن میں پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ہوٹلس اور پان شاپس پر دھاوے کئے۔
ساؤتھ ایسٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(اے ڈی سی) محمد اشفاق نے ا پنے بیان میں بتایاکہ رات دیر گئے تک ہوٹلیں کھلی رکھنے کی وجہ سے نئی نسل کا مستقبل خراب ہورہا ہے۔نصف شب بعد بھی ہوٹلس میں بیٹھ کر روڈی شیٹرس اور غیر سماجی عناصر کی جانب سے قتل اور حملہ کے منصوبے بنانے کی اطلاعات ہیں۔
ہوٹلوں میں بیٹھ کر جاگ کر رات گذارنا یہ سماج کیلئے ناسور ہے۔ اسکا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ تمام انسپکٹرس کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ ہوٹلس اور پان شاپس کے انتظامیہ سے سختی سے نمٹیں۔
محمد اشفاق نے کہاکہ اگر کہیں کوئی قتل کی واردات پیش آتی ہے اور ملزمین نے یہ انکشاف کریں گے کہ وہ فلاں ہوٹل میں بیٹھ کر قتل کا منصوبہ بنایاتھا، تو پھر ہوٹل کے مالک کو بھی اس قتل کی واردات میں ملزم بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پہلے ہم ہوٹل مالک اور اسٹاف کی کونسلنگ کریں گے اور اس پر عمل نہیں ہوا تو ہم اپنے مخبروں کی مدد سے ہوٹلس کی ویڈیو گرافی کرائیں گے اس کے بعد پھر ان ہوٹلس کے مالکین کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پولیس کو سب پتا ہے کہ کون ہوٹل کا شٹر اُٹھاکرچلاتا ہے اور کون ہوٹل، پیچھے کے راستہ سے چلاتا ہے۔