حیدرآباد

گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں ا سٹوڈنٹ الیکشن طلبہ و طالبات کا زبردست جوش و خروش

گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں طلبہ کے اندر جمہوری اقدار، ذمہ دار شہریت اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے “غوث نگر سٹوڈنٹ الیکشن” کا نہایت منظم، شفاف اور مثالی انعقاد عمل میں آیا۔ یہ انتخابی عمل محض ایک تعلیمی سرگرمی نہیں بلکہ طلبہ کی عملی زندگی کے لیے ہمہ جہت تربیت کا کامیاب نمونہ ثابت ہوا۔

غوث نگر: گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں طلبہ کے اندر جمہوری اقدار، ذمہ دار شہریت اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے “غوث نگر سٹوڈنٹ الیکشن” کا نہایت منظم، شفاف اور مثالی انعقاد عمل میں آیا۔ یہ انتخابی عمل محض ایک تعلیمی سرگرمی نہیں بلکہ طلبہ کی عملی زندگی کے لیے ہمہ جہت تربیت کا کامیاب نمونہ ثابت ہوا۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

اس انتخاب میں جماعت ششم تا دہم کے تمام طلبہ نے حصہ لیا، جبکہ پورا انتخابی نظام عام انتخابات کے طرز پر ترتیب دیا گیا۔ بی ایل او، الیکٹورل رول، فارم 17-اے، بیلٹ باکس، پریسائڈنگ افسر اور اسسٹنٹ پریسائڈنگ افسر سمیت مکمل انتخابی عملہ تشکیل دیا گیا۔ طلبہ کو مختلف ذمہ داریاں سونپ کر انتخابی عمل کی باریکیوں، نظم و ضبط اور شفافیت سے عملی طور پر روشناس کرایا گیا۔

جماعت دہم کے طلبہ نے مختلف سٹوڈنٹ سیاسی جماعتیں تشکیل دیں، جن میں سٹوڈنٹ یونٹی پارٹی، چیمپئنز پارٹی، وائس آف سٹوڈنٹ پارٹی اور فیوچر لیڈر پارٹی شامل تھیں۔ امیدواروں نے اپنے منشور پیش کیے اور اسکول کی بہتری کے لیے مثبت اور تعمیری مہم چلائی۔ شفاف ووٹنگ اور منصفانہ گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں چیمپئنز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔ ان کے پیش کردہ اسکول ڈیولپمنٹ پلان کو طلبہ نے سراہا۔

اس پورے پروگرام کی کامیابی میں محمد رفیع صاحب اور سید خالد صاحب کی انتھک محنت، تنظیمی صلاحیت اور مؤثر نگرانی نمایاں رہی، جبکہ اعجازالدین عبید صاحب نے بھی انتظامی امور میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کامیاب امیدواروں کی گل پوشی صدر مدرس گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر جناب شاہد علی حسرت کے دستِ مبارک سے انجام پائی۔ اس موقع پر انہوں نے منتظمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے معلمین ادارے کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔

اپنے صدارتی خطاب میں صدر مدرس نے طلبہ کو اتحاد، خدمت اور ذمہ داری کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قیادت اقتدار نہیں بلکہ خدمت اور جواب دہی کا نام ہے۔ محمد رفیع صاحب نے کہا کہ ایسے انتخابات طلبہ میں نظم و ضبط، خود اعتمادی اور فیصلہ سازی کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں، جبکہ سید خالد صاحب نے اسے عملی تعلیم کی بہترین مثال قرار دیا۔

تقریب میں اساتذہ و معلمات کی بڑی تعداد شریک رہی۔ کامیاب طلبہ نے حلف برداری کے ذریعے ایمانداری اور خلوص کے ساتھ ذمہ داریاں نبھانے کا عزم کیا۔ آخر میں سمرین فاطمہ نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔

یہ سٹوڈنٹ الیکشن نہ صرف گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا بلکہ دیگر تعلیمی اداروں کے لیے جمہوری تربیت اور قیادت سازی کا قابلِ تقلید ماڈل بھی بن گیا۔