کیرالا میں نماز کی اجازت نہ دیئے جانے پر طلبا کا احتجاج
کیرالا میں طلبہ کے ایک گروپ کے احتجاج پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے جو یہاں مواتوپزہا میں ایک چرچ کے زیر انتظام کالج کے احاطہ میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دینے پر ناراض ہیں۔
کوچی: کیرالا میں طلبہ کے ایک گروپ کے احتجاج پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے جو یہاں مواتوپزہا میں ایک چرچ کے زیر انتظام کالج کے احاطہ میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دینے پر ناراض ہیں۔
بی جے پی اور کھیتولک چرچ کی تنظیم کے ارکان نے چرچ کے زیرانتظام کالج کے احاطہ میں نماز کی اجازت نہ دینے پر طلبہ کے احتجاج کی مخالفت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز بعض طلبہ نے نرملا کالج کے احاطہ میں احتجاج کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ غیرتدریسی عملہ نے بعض طالبات کو ادارہ کے ایک کمرہ میں نماز ادا کرنے سے روک دیا۔ بعض مقامی چینلوں پر پیش کئے گئے احتجاج کے ویڈیو میں طلبہ نے دعویٰ کیا کہ کئی دن سے آفس اسٹاف انہیں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔
انہوں نے پرنسپل سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی نے اس واقعہ پر تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ بعض افراد ہندوؤں اور عیسائیوں کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی اداروں میں مسائل پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
بی جے پی کے ریاستی صدر کے سریندرن نے الزام لگایا کہ بعض افراد نماز پڑھنے کی اجازت نہ دینے پر کالج کے پرنسپل کو دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں، ایسے اقدامات کے پس پردہ انتہاپسند ہیں۔