سکھبیر بادل تنخواہیہ اکال تخت میں طلبی
ایک ایسی پیشرفت میں جس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے‘ اکال تخت نے جمعہ کے دن شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سربراہ سکھبیر بادل کو خاطی قراردیا۔
امرتسر: ایک ایسی پیشرفت میں جس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے‘ اکال تخت نے جمعہ کے دن شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سربراہ سکھبیر بادل کو خاطی قراردیا۔
سکھوں کے اعلیٰ ترین مذہبی ادارہ نے انہیں ’تنخواہیہ‘ قراردیا اور ان سے کہا کہ وہ اندرون 15 یوم ایک عام سکھ کے طورپر اکال تخت میں حاضر ہوں۔
2007 تا 2017 شرومنی اکالی دل کابینہ کو جس کے سربراہ آنجہانی پرکاش سنگھ بادل تھے‘ اکال تخت میں طلب کیا گیا کہ وہ آئے اور اپنے اُن اقدامات کی وضاحت کرے جن سے سکھ پنت کو نقصان پہنچا۔
قبل ازیں اکال تخت سکریٹریٹ نے جتھہ دار اکال تخت کو سکھبیر سنگھ بادل کی طرف سے لکھا گیا مکتوب جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ساری غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں چاہے وہ ان کی پارٹی سے ہوئی ہوں یا شرومنی اکالی دل (بادل) دورِ حکومت میں ہوئی ہوں۔
سکھبیر بادل نے یہ بھی کہا تھا کہ اکال تخت صاحب انہیں جو بھی سزا دے وہ اس کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔