ممبئی (آئی اے این ایس)مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے ایک 33سالہ شخص کو ممبئی کے ماہم علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ اُس پر ممنوعہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے روابط کا شبہ ہے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔
ملزم محمد حسن ابو سرمد اختر کو سراغ ملنے پر مہاراشٹرااے ٹی ایس کالا چوکی یونٹ نے ماہم میٹرو اسٹیشن کے قریب پکڑلیا۔تحقیقاتی ایجنسی کے بموجب ملزم ریاپیڈو ڈرائیور اور عطر فروش کے طور پر کام کرتا ہے۔
اے ٹی ایس کا الزام ہے کہ وہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ فرقہ وارانہ نفرت اور ملک دشمن جذبات کو پھیلانے کی کوشش کررہا تھا۔اُس کے موبائیل فون سے اُس کی ایسی سرگرمیوں کا ثبوت ملا ہے۔
تحقیقاتی ایجنسی کے بموجب ملزم ایک ٹیلی گرام گروپ چلاتا ہے جس پر اُس نے یکم جون کو جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کی بابری مسجد اور دیگر مسائل پر اشتعال انگیز آڈیو تقاریر اپ لوڈ کیں۔
اے ٹی ایس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ وہ پاکستان نواز انتہا پسند ٹیلی گرام چیانل ابن قاسم کا سرگرم رکن ہے۔