آر سی آئی حیدرآباد میں تیندوں کی موجودگی کا شبہ، محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے ٹریپ کیمرہ نصب کیے
حکام نے کہا، "فی الحال ہمیں تیندوں کی موجودگی کا پختہ یقین نہیں ہے، اسی لیے کیمپس میں ٹریپس کیمرہ نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ تیندوے یا کسی اور بڑے جنگلی جانور کی نقل و حرکت کو ریکارڈ کیا جا سکے۔"
حیدرآباد: شہرحیدرآ باد کے بالاپور میں واقع ڈیفنس لیبارٹریز اسکول، آر سی آئی حیدرآباد کے احاطہ میں تیندوں کی موجودگی کی اطلاعات پر محکمہ جنگلات نے احتیاطی اقدامات کے تحت ٹریپس کیمرہ نصب کیا۔
اسکول انتظامیہ نے جنگلات کے حکام کو اطلاع دی کہ سیکیورٹی اسٹاف نے کیمپس میں تیندوں کو گھومتے دیکھا ہے۔
حکام نے کہا، "فی الحال ہمیں تیندوں کی موجودگی کا پختہ یقین نہیں ہے، اسی لیے کیمپس میں ٹریپس کیمرہ نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ تیندوے یا کسی اور بڑے جنگلی جانور کی نقل و حرکت کو ریکارڈ کیا جا سکے۔”
اگر کیمروں میں تیندوں کی موجودگی کی تصدیق ہوتی ہے تو انہیں پکڑنے کے لیے پنجرے نصب کیے جائیں گے۔
اس سلسلہ میں اسکول انتظامیہ نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا:
"انتظامیہ کمیٹی کی ہدایت پر یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ آر سی آئی احاطہ کے قریب دو تیندے گھومتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں تمام والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کی مکمل حفاظت کریں اور اگلی اطلاع تک کسی بھی حال میں انہیں اکیلے باہر نہ جانے دیں۔”