نالندہ میں 16 سالہ لڑکا ہلاک، روہتاس بم دھماکہ میں 6افراد زخمی
بہار کے ضلع نالندہ میں ایک 16 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا جبکہ تین افراد بشمول دو پولیس والے زخمی ہوئے۔ ضلع روہتاس کے سہسرام ٹاؤن میں بم دھماکہ میں 6افراد زخمی ہوئے۔

پٹنہ(ہندوستان ٹائمس) بہار کے ضلع نالندہ میں ایک 16 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا جبکہ تین افراد بشمول دو پولیس والے زخمی ہوئے۔ ضلع روہتاس کے سہسرام ٹاؤن میں بم دھماکہ میں 6افراد زخمی ہوئے۔
ریاست میں ہفتہ کودیرگئے پھرتشدد پھوٹ پڑا۔ نالندہ اور روہتاس میں جمعہ کے دن رام نومی جلوس کے دوران فرقہ وارانہ جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ 6 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔ نالندہ ضلع انتظامیہ نے کرفیونافذکردیا۔
دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ سرویس معطل کردی گئی۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کے دن گورنر راجندوشواناتھ ارلیکر سے فون پر بات چیت اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے بتایاکہ نالندہ کا لڑکا گلشن کمار پٹنہ میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقلی کے دوران چل بسا۔
نالندہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اشوک مشرا نے بتایاکہ اس کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے صدرہاسپٹل بھیج دی گئی۔ نالندہ میں زخمی ہونے والوں کا علاج صدرہاسپٹل میں چل رہا ہے جبکہ شدید زخمی پروفیسرشکیل احمد کو پی ایم سی ایچ منتقل کردیاگیا۔
پولیس نے بتایاکہ لہری پولیس اسٹیشن علاقہ میں بعض لوگ سڑک پر نکل آئے تھے اور انہوں نے اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں 4افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں فرقوں نے ایک دوسرے پر سنگباری کی۔ گذشتہ تین دن میں کم ازکم80افراد گرفتارکئے جاچکے ہیں۔
نیم فوجی دستوں کی 9کمپنیاں صورتحال پرقابوپانے ضلع میں آچکی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ روہتاس میں رات 9 بجے کے آس پاس محلہ روضہ کی ایک مسجد کے قریب جھونپڑی میں بم دھماکہ ہوا۔ شاہ آباد رینج کے ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس نوین چندرجھا نے ہندوستان ٹائمس کو بتایاکہ فارنسک سائنس لیباریٹری(ایف ایس ایل) ٹیم نے دھماکو مادہ برآمدکرلیاہے۔
مقام دھماکہ سے ایک اسکوٹی برآمد ہوئی ہے۔ زخمی ازخودصدرہاسپٹل پہنچے تھے۔ ڈاکٹروں نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ چارشدید زخمیوں کو بی ایچ یو ٹراماسنٹروارانسی بھیجاگیا ہے۔
پولیس کے بموجب ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ 6 افراد بم لے جارہے تھے کہ وہ پھٹ پڑا تاہم ان لوگوں کا دعویٰ ہے کہ دوسرے فرقہ کے لوگوں نے ان پر اس وقت بم پھینکا جب وہ نماز کیلئے مسجد جارہے تھے۔ دو افراد کو گرفتارکرلیاگیاہے اور پولیس ان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔