مسافروں سے بھرے طیارہ کا دروازہ ہوا میں اچانک کھل گیا ( ویڈیو وائرل)
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلائٹ کے اندر ہوا کا تیز جھونکا چل رہا ہے۔ ہوا کے تیز جھونکے فلائٹ کے اندر آتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

برسیلیا: تصور کریں کہ آپ فلائٹ میں سفر کررہے ہیں، جو آسمان کی بلندی پر ہوا سے باتیں کرتےہوئے آگے بڑھ رہی ہے اور راستے میں اچانک جہاز کا دروازہ کھل جاتا ہے، تو کیا ہوگا۔یقیناً آپ اپنے ہوش وہواس کھو بیٹھیں گے لیکن ایسا ہی ایک واقعہ ہوا ہے جس کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر لوگوں کے دلوں کی دھڑکنیں بڑھارہی ہے۔
دراصل ایسا ہی خوفناک نظارہ برازیل میں ایک فلائٹ میں دیکھا گیا جہاں کارگو گیٹ ہوا میں اچانک کھل گیا۔ بتایاجارہا ہے کہ طیارہ 12 جون کو ساؤ لوئس سے سلواڈور جارہا تھا۔
اس ویڈیو کو ٹوئیٹر پر بریکنگ ایو ایشن نیوز اینڈ ویڈیوز نامی پیج نے شیئر کیا ہے۔ کلپ میں ہوائی جہاز کا دروازہ واضح طورپر دکھائی دے رہا ہے جو درمیانی ہوا میں کھلتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلائٹ کے اندر ہوا کا تیز جھونکا چل رہا ہے۔ ہوا کے تیز جھونکے فلائٹ کے اندر آتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس دوران فلائٹ کا دروازہ کھلا ہوا ہے اور ہوا میں اُڑرہا ہے اور آسمان پر تیرتے بادل صاف دکھائی دے رہے ہیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ برازیل کے گلوکار اور نغمہ نگار ٹیری کا طیارہ پرواز میں کارگوا کا دروازہ کھلنے کے بعد ساؤ لوئس ہوائی اڈے پر بحفاظت اتر گیا۔ اس ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ جس پر اب تک کئی لوگ تبصرہ بھی کرچکے ہیں۔
ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ طیارہ نے اسے اسکائی ڈائیور سمجھا، جبکہ دوسرے نے لکھا کتنا خوبصورت نظارہ ہے جبکہ تیسرے نے لکھا کہ وہ آدمی ابھی تک کھڑکی سے باہر دیکھ رہا ہے، جیسے اسے باہر دیکھنے کیلئے کوئی کھلا دروازہ نہیں ملا ہے۔