کامیابی، ریاست کے سیاسی منظر نامہ میں تبدیلی کا اشارہ، کے ٹی آر کا ردعمل
کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے آبائی ضلع میں حلقہ ادارہ جات مقامی کے ضمنی الیکشن میں بی آر ایس کی کامیابی دراصل ریاست میں سیاسی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کا بھی اشارہ ہے۔

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے اتوار کے روز کہا کہ محبوب نگر ایم ایل سی کے ضمنی الیکشن میں بی آر ایس کی کامیابی تلنگانہ میں تیزی کے ساتھ ابھرتے سیاسی منظر نامہ میں اہم موڑ کا واضح اشارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے آبائی ضلع میں حلقہ ادارہ جات مقامی کے ضمنی الیکشن میں بی آر ایس کی کامیابی دراصل ریاست میں سیاسی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کا بھی اشارہ ہے۔
بی آر ایس امیدوار نوین کمار ریڈی کی کامیابی پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حکمراں جماعت کانگریس کے لالچ کے خلاف بی آر ایس نے کامیابی سے یہ الیکشن لڑا اور ہم نے صرف 6ماہ میں کانگریس حکومت کی ناکامیوں کو بہتر انداز میں اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوین کمار ریڈی کی کامیابی دراصل کانگریس حکومت کے خلاف عوام کی ناراضگی اور تلنگانہ کی تعمیر نو میں بی آر ایس پر اعتماد کا مظہر ہے۔
چیف منسٹر کے آبائی ضلع سے کامیابی ہمارے لئے یقینا قابل فخر کارنامہ ہے، یہ کامیابی ہمارے لئے نہ صرف خوشی کا باعث ہوگی بلکہ اس کامیابی کے بعد ہماری ذمہ داریوں میں بھی ا ضافہ ہوگا۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ کامیابی ابھی تو آغاز ہے اور مستقبل میں ہم مزید کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔