مشرق وسطیٰ

غزہ میں اسرائیلی فوج نے ہسپتالوں کا محاصرہ کرلیا، الشفا ہسپتال میں لاشوں کے ڈھیر

غزہ میں ہسپتالوں کے اطراف لڑائی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جنگ کو شروع ہوئے 36 روز مکمل ہوگئے ہیں۔ اس وقت اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں موجود ہسپتالوں کا گھیراؤ کرلیا ہے۔

غزہ: غزہ میں ہسپتالوں کے اطراف لڑائی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جنگ کو شروع ہوئے 36 روز مکمل ہوگئے ہیں۔ اس وقت اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں موجود ہسپتالوں کا گھیراؤ کرلیا ہے۔ الشفا ہسپتال میں آکسیجن کی کمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر بڑی تعداد میں اموات ہو رہی ہیں۔ ہسپتال میں لاشوں کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

الشفاء ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ کمپلیکس کے اندر لاشوں کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔ یہ صورت حال زخمیوں کو بچانے میں ناکامی کی نشاندہی کر رہی ہے۔ الشفا ہسپتال کے قرب و جوار میں جھڑپیں جاری ہیں۔

”العربیہ“ کے نامہ نگار نے بتایا کہ الشفاء ہسپتال کے اطراف میں جھڑپیں جاری ہیں اور اسرائیلی ٹینک الشفاء کمپلیکس کے ارد گرد کے علاقے کے شمالی حصے سے 200 میٹر کے فاصلے پر ہیں۔ ہسپتال کے ارد گرد حملے کئے جارہے ہیں۔

انڈونیشیا ہسپتال کے اطراف بھی صہیونی فوج موجود ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ الشفا ہسپتال کے آس پاس میں حماس کے بندوق برداروں کے ساتھ جھڑپ کر رہی ہے۔

اس نے دعویٰ کیا ہے کہ الشفا کمپلیکس کا مشرقی حصہ ہر اس شخص کے لیے کھلا ہے جو وہاں سے نکلنا چاہتا ہے۔دریں اثنا فلسطینی ہلال احمر نے بتایا ہے کہ بیت لاھیا کے القدس اسپتال سے ٹینک 20 میٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔