امریکہ و کینیڈا

ہندوستان کی امریکہ کو صفر ٹیرف معاہدہ کی پیشکش

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا کہ ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ ایک باہمی تجارتی معاہدہ کرنے کی پیشکش کی ہے جو بنیادی طورپر یہ تجویز پیش کرتا ہے کہ متعدد امریکی اشیاء پر کوئی ٹیرف (محاصل) عائد نہیں کئے جائیں گے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا کہ ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ ایک باہمی تجارتی معاہدہ کرنے کی پیشکش کی ہے جو بنیادی طورپر یہ تجویز پیش کرتا ہے کہ متعدد امریکی اشیاء پر کوئی ٹیرف (محاصل) عائد نہیں کئے جائیں گے۔

ٹرمپ نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جہاں وہ سرکاری دورہ پر ہیں‘ ایک میٹنگ کے دوران بزنس اکزیکٹیوز کو بتایا کہ ”وہ لوگ ہمیں ایک سودے کی پیشکش کررہے ہیں جس میں بنیادی طورپر وہ ہم پر کوئی ٹیرف عائد نہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں“۔ بہرحال ٹرمپ نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ایپل کے سی ای او ٹم کوک سے کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں مزید مینوفیکچرنگ مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ترک کردیں اور اس کے بجائے امریکہ میں یہ پلانٹس تعمیر کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایپل امریکہ میں اپنی پیداوار میں اضافہ کرے گا۔

یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ ہند۔ امریکہ باہمی تجارتی معاہدہ پر جاری مباحث کے ایک حصہ کے طورپر ہندوستان کے محکمہ کامرس کے نمائندوں اور امریکہ کے یو ایس ٹریڈ ریپریزنٹیٹیو نے 23 تا 25 اپریل واشنگٹن میں منعقدہ ایک میٹنگ میں ثمرآور بات چیت کی تھی تاکہ ستمبر۔ اکتوبر 2025 تک باہمی تجارتی معاہدہ کے پہلے حصہ کو قطعیت دی جاسکے۔ اس سے پہلے نئی دہلی میں مارچ 2025 میں باہمی بات چیت ہوئی تھی۔