چیف منسٹرکی صحت کے بارے میں بلیٹن جاری کرنے بی جے پی قائد کا مطالبہ
چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز عوامی نمائندہ کی صحت کے بارے میں عموماً متعلقہ ہاسپٹل یا محکمہ صحت کے ارباب مجاز کی جانب سے ہیلت بلیٹن جاری کیا جاتا ہے۔کے سی آر کے معاملہ میں ایسادکھائی نہیں دے رہاہے۔

حیدرآباد: بی جے پی قائدایم ششی دھر ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ کی صحت کی صورتحال کے بارے میں رازداری سے کام لیا جارہا ہے جبکہ ریاست کے عوام کوچیف منسٹر کی صحت کے بارے میں جاننے کا پوراحق حاصل ہے۔
بی جے پی لیڈرکا کہناہے کہ عوام میں موجودکسی بھی غلط فہمی کے ازالہ کے لئے متعلقہ ہیلت اتھاریٹی کوچیف منسٹر کی صحت کے بارے میں مختصر احوال‘عوام کے سامنے رکھنا چاہئے۔
ریاستی گورنرڈاکٹرتمیلی سائی سوندرا راجن کوروانہ کردہ اپنے مکتوب میں ریڈی نے کہاکہ گزشتہ دوہفتوں سے چیف منسٹرکے سی آر‘عوامی سرگرمیوں میں دکھائی نہیں دیئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کے سی آر کے فرزند کے ٹی آر نے اچانک یہ انکشاف کیا کہ ان کے والد وچیف منسٹرکے پھیپھڑوں میں بیکٹریل انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔
چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز عوامی نمائندہ کی صحت کے بارے میں عموماً متعلقہ ہاسپٹل یا محکمہ صحت کے ارباب مجاز کی جانب سے ہیلت بلیٹن جاری کیا جاتا ہے۔کے سی آر کے معاملہ میں ایسادکھائی نہیں دے رہاہے۔
انہوں نے گورنر سے خواہش کی کہ وہ چیف سکریٹری کوکے سی آر کی صحت کے بارے میں بلیٹن جاری کرنے کی ہدایت دیں۔ کے چندرشیکھرراؤکی صحت کے بارے میں ریاست کے عوام فکرمند اورتشویش میں مبتلا ہیں۔