تمل ناڈو: رامناتھ پورم کے سرکاری اسپتال میں لگی آگ
تمل ناڈو کے فائر اینڈ ریسکیو سروسز کے محکمہ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا لیکن مریضوں کے وارڈوں میں کالا دھواں پھیلتا رہا۔
رامناتھ پورم (تامل ناڈو): تمل ناڈو کے رام ناتھ پورم گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں بدھ کی دیر رات لگی آگ سے 350 سے زیادہ لوگ بال بال بچ گئے، جن میں زیادہ تر مریض تھے۔
پولیس نے جمعرات کی صبح یہاں بتایا کہ نصف شب کے بعد ایک بلاک کی دوسری منزل پر الیکٹرک کنٹرول روم میں مشتبہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔
آگ لگنے کے فوراً بعد الیکٹریکل کنٹرول روم سے نکلنے والے کالے دھوئیں کے بادل نے دوسری منزل کو اپنی زد میں لے لیا جس سے مریضوں، ان کے تیمارداروں اور اسپتال کے عملے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
تمل ناڈو کے فائر اینڈ ریسکیو سروسز کے محکمہ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا لیکن مریضوں کے وارڈوں میں کالا دھواں پھیلتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کی دوسری، تیسری اور چوتھی منزل پر موجود تمام مریضوں، اٹینڈنٹ اور اسپتال کے عملے کو وہیل چیئرز اور اسٹریچروں کی مدد سے فوری طور پر باہر نکالا گیا اور ملحقہ عمارت میں لے جایا گیا جبکہ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل مریضوں کو جامع ایمرجنسی میٹرنٹی اسپتال اور نوزائیدہ کیئر یونٹ میں منتقل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ کلکٹر سمرن جیت سنگھ کاہلون اسپتال پہنچے اور بچاؤ مہم کی نگرانی کی۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مریض محفوظ ہیں اور آتشزدگی کے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
سینئر پولیس افسران نے اسپتال کا دورہ کیا اور تحقیقات کی۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔