تین سالہ بچے پر اسکول عملہ کا تشدد، ہاتھ رسی سے باندھ کر کیا گیا تشدد
تمل ناڈو کے ترووارور میں تین سالہ پری کے جی طالب علم کے ہاتھ رسی سے باندھ کر مبینہ طور پر اذیت دی گئی۔ والد کی شکایت پر خاتون ٹیچر اور صفائی کارکن کے خلاف مقدمہ درج، سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل۔
ترووارور: تمل ناڈو میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اسکول کے عملہ نے تین سالہ معصوم بچے کے ہاتھ رسی سے باندھ کر اسے اذیت دی۔ بچے کے جسم پر زخم دیکھ کر والد نے اسکول کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی تو حیران کن مناظر سامنے آئے۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک خاتون ٹیچر اور صفائی کرنے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ واقعہ تمل ناڈو کے ترووارور کے قریب پیش آیا۔ تروتھورائی پونڈی کے رہنے والے بی گوپی ناتھ ٹریولس کا کاروبار کرتے ہیں۔ پیر کی شام جب ان کا تین سالہ بیٹا اسکول سے گھر واپس آیا تو اس کے چہرے اور جسم پر زخم کے نشانات تھے۔ والدین نے بچے سے پوچھا کہ اسے چوٹ کیسے لگی، تو اس نے بتایا کہ اسکول کے عملے نے اسے کلاس روم میں مارا ہے۔
یہ سن کر بچے کے والد فوراً اسکول پہنچے اور سی سی ٹی وی فوٹیج دکھانے کا مطالبہ کیا۔ جب انہوں نے فوٹیج دیکھی تو انکشاف ہوا کہ اسکول کے عملے نے بچے کے ہاتھ رسی سے باندھ رکھے تھے اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی جارہی تھی۔ فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ صفائی ملازمہ نے بچے کو دیوار پر لگے ایک ڈیجیٹل بینر کی طرف زور سے دھکیلا۔ اس دوران بچہ درد سے روتا ہوا نظر آیا۔
والد نے اس واقعے کی ویڈیو اپنے موبائل فون میں محفوظ کرلی اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
شکایت ملنے کے بعد پولیس نے اسکول پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی۔ اس کے بعد 26 سالہ خاتون ٹیچر آر باگیہ لکشمی اور 55 سالہ ملازمہ ایم سیلوی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد دونوں خواتین فرار ہیں۔
دوسری جانب اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے بھی اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ترووارور کے ضلع ایس پی وی ستیش کمار نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے اور محکمہ تعلیم کی تحقیقات میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ اسکول میں زیر تعلیم معصوم بچوں کی حفاظت کے حوالے سے اس واقعے نے والدین میں تشویش پیدا کردی ہے۔