تلنگانہ: اسپتال روانگی کے دوران قبائلی خاتون نے آٹومیں لڑکی کو جنم دیا
اسپتال جاتے ہوئے، سوپنا کو شدید درد ہوا۔ اس کے ساتھ آنے والے خاندان کے افراد نے اس کی زچگی کی جس کے لئے آٹو کو لیبر روم میں تبدیل کر دیا گیا۔
حیدرآباد: اسپتال روانگی کے دوران قبائلی خاتون نے آٹومیں لڑکی کو جنم دیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق جھراسنگم منڈل کے پریہ نائک تانڈہ کی رہنے والی خاتون، بی سوپنا نے جھراسنگم کے پرائمری ہیلت سنٹر (پی ایچ سی) تک پہنچنے کے لیے 108 ایمبولینس سروس کو کال کرنے کے بجائے ایک آٹو کرائے پر لیا۔
اس کے شوہر سنیل نے کہا کہ 108 کو ان کے گاؤں پہنچنے اور مریض کو لے جانے میں کافی وقت لگے گا کیونکہ تانڈا کے پاس مناسب سڑک رابطہ نہیں تھا، اس لیے انہیں خدشہ تھا کہ ایمبولنس وقت پر نہیں آئے گی۔
اسپتال جاتے ہوئے، سوپنا کو شدید درد ہوا۔ اس کے ساتھ آنے والے خاندان کے افراد نے اس کی زچگی کی جس کے لئے آٹو کو لیبر روم میں تبدیل کر دیا گیا۔
بعد ازاں نوزائیدہ اور ماں کو پی ایچ سی منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رامیا نے بتایا کہ لڑکی کا وزن 2.5 کلو گرام ہے اور وہ صحت مند ہے۔