تلنگانہ

نظام آباد اور کاماریڈی میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات

مشیرحکومت تلنگانہ محمد علی شبیر نے آج سکریٹریٹ میں نظام آباد اور کاماریڈی میں مرکزی حکومت کی اسکیم اٹل مشن فار ری جینویشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔

حیدرآباد: مشیرحکومت تلنگانہ محمد علی شبیر نے آج سکریٹریٹ میں نظام آباد اور کاماریڈی میں مرکزی حکومت کی اسکیم اٹل مشن فار ری جینویشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔

متعلقہ خبریں
سرکاری دواخانہ نظام آباد میں مریضوں کے ساتھ علاج میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی: سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہاسپٹل
محکمہ اسٹامپس و رجسٹریشن کو ایک دن میں 115 کروڑ کی آمدنی
نظام آباد میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم وتقسیم انعامات کا کامیاب انعقاد
مسلمانوں کو بھی ادارہ جات مقامی میں تحفظات فراہم کرنے نوید اقبال کی وکالت،بی وینکٹیش کو یاددشت حوالے
محکمہ خواتین، بچوں، معذوروں، بزرگوں اور خواجہ سراؤں کی بہبود کی جانب سے کھیلوں و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد

اجلاس میں کار گذار صدر ٹی پی سی سی مہیش کمار گوڑ ایم ایل سی، چیرمین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، کاماریڈی میونسپل چیرمین انڈوپریہ اور ضلع نظام آباد کے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مذکورہ امرت اسکیم کے تحت واٹر سپلائی اینڈ سیوریج پراجکٹ پر کاماریڈی اور نظام آباد اربن لوکل باڈیز میں عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔

اس پراجکٹ کا مقصد شہری علاقوں میں واٹر سپلائی اور ڈرینج کی صفائی اور انفرااسٹرکچر میں اضافہ کرنا ہے۔ چنانچہ نظام آباد کے علی ساگر میں نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لئے اقدامات کئے گئے تاکہ نظام آباد ضلع میں صاف و شفاف پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکے۔

محمد علی شبیر نے اجلاس کو بتایا کہ اس پراجکٹ کے تحت 1500کے ایل تا 1800کے ایل پانی کے ذخیرہ کی گنجائش کے لئے شہر کے اطراف 18ایلیوئٹیڈ سروس زیزر ووائر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ 81.93کیلو میٹر لوہے کی پائپ لائن اور 66.79کلو میٹر تک ہائی ڈینسیٹی پالی تھین پائپ لائن بچھائی جارہی ہے۔

جس کے ذریعہ 12,394نئے گھروں کو نل کنکشن اور 146بلک فلو میٹر نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کاماریڈی میں امرت اسکیم کے تحت وائر سپلائی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو واقف کروایا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مذکورہ پراجکٹ پر عمل آوری کے لئے آپسی تال میل کے ساتھ تعمیراتی کام انجام دیں۔

اجلاس میں کلکٹر کاماریڈی نے آن لائن حصہ لیتے ہوئے ذخائر آب کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کا تیقن دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پراجکٹ کی تکمیل کے لئے مرکزی حکومت سے 43فیصد، ریاستی حکومت سے 47فیصد اور اربن لوکل باڈیز کا 10فیصد فنڈ شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پراجکٹ سے یہ واضح ہوجائے گا کہ تلنگانہ حکومت شہری علاقوں میں عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی اور انفرااسٹرکچر میں اضافہ کے لئے سنجیدہ ہے۔