تلنگانہ کو 2047 تک تین کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کا عزم :وزیراعلی تلنگانہ
انہوں نے پیر کو گچی باؤلی میں ایلی للی گلوبل کیاپبلٹی سنٹر کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہویے کہا کہ تلنگانہ کے لائف سائنسس شعبہ میں یہ دن ایک تاریخی سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور یہ تقریب اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی نیک نیتی، ویژن اور محنت سے یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے۔
حیدرآباد: وزیر اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کے صرف 20 ماہ کے اقتدار میں کی گئی کوششوں کے نتیجہ میں آج حیدرآباد عالمی سطح کا گلوبل کیاپبلٹی سنٹرکا (ایسا مرکز جو مہارتوں، ٹکنالوجی اور خدمات کو دنیا بھر میں فراہم کرتا ہے) دارالحکومت بن کر اُبھرا ہے۔
انہوں نے پیر کو گچی باؤلی میں ایلی للی گلوبل کیاپبلٹی سنٹر کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہویے کہا کہ تلنگانہ کے لائف سائنسس شعبہ میں یہ دن ایک تاریخی سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور یہ تقریب اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی نیک نیتی، ویژن اور محنت سے یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے۔
وزیراعلی نے اس کامیابی میں دن رات محنت کرنے والے وزیر سریدھر بابو اور جیش رنجن کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ "تلنگانہ رائزنگ 2047” کی سمت میں اٹھایا گیا ایک اور اہم قدم ہے، اور ریاست کو ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ 2047 تک تلنگانہ کو تین کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
وزیر اعلیٰ نے ایلی للی کمپنی کے رہنماؤں اور ملازمین کو حیدرآباد میں خوش آمدید کہا اور سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور عالمی سطح کی کمپنیوں کے تلنگانہ پر مسلسل اعتماد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیا قائم کردہ ایلی للی سینٹر عالمی سطح پر کمپنی کے آپریشنس کو تیز کرے گا اور یہ جی سی سی انوویشن سنٹر دنیا بھر کے مریضوں کے لیے حل تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے پاس بہترین ٹیلنٹ، ویثرن، پالیسی اور بنیادی ڈھانچہ موجود ہے۔ ہندوستان میں لائف سائنسس کے دارالحکومت کے طور پر حیدرآباد پہلے ہی پہچانا جا چکا ہے جہاں 2000 سے زائد لائف سائنسس کمپنیاں ہیں اور 200 سے زیادہ عالمی شہرت یافتہ ادارے اپنی سرگرمیاں یہاں سے چلا رہے ہیں۔ ملک کی جملہ دوا سازی کا تقریباً 40 فیصد تلنگانہ میں تیار کیا جا رہا ہے اور دنیا میں تیار ہونے والی ہر تین ویکسین میں سے ایک حیدرآباد میں تیار ہوتی ہے، جو ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ جینوم ویلی ہندوستان کا سب سے بڑا لائف سائنسس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کلسٹر ہے اور حیدرآباد عالمی سطح پر دواسازی اور بایوٹکنالوجی کمپنیوں کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔ ایلی للی کی آمد کے ساتھ لائف سائنسس کے شعبہ میں ہم نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ کمپنی کی ذیابیطس، آنکولوجی، امیونولوجی اور نیورو سائنس میں کاوشیں ایک گیم چینجر ثابت ہوں گی۔
ریونت ریڈی نے یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور شفافیت، ترقی اور اختراع کے لیے موزوں ماحول فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایلی للی کے ملازمین صرف حیدرآباد میں کام کرنے والے پروفیشنلس نہیں بلکہ اب تلنگانہ کے خاندان کا حصہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "آپ کے تعاون سے ہم تلنگانہ کو نہ صرف ملک کی لائف سائنسس کا دارالحکومت بلکہ عالمی سطح پر صحت کی دیکھ بھال میں اختراع کے نمبر ون ہب کے طور پر تیار کریں گے۔