مالے: مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں جمعرات کو غیر ملکی کارکنوں کی تنگ رہائش گاہوں میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مہلوکین میں کا 9 کا تعلق ہندوستان سے بتایا جاتا ہے۔
مالدیپ جزیرہ کا دارالحکومت مالے جو چھٹیاں منانے کی بہترین منزل کے طور پر جانا جاتا ہے، دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں میں سے ایک ہے۔
حکام نے بتایا کہ آگ میں تباہ ہونے والی عمارت کی بالائی منزل سے 10 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ یہ آگ گراؤنڈ فلور پر واقع گاڑیوں کی مرمت کے گیراج سے شروع ہوئی تھی۔
فائر سروس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہمیں 10 لاشیں ملی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں آگ بجھانے میں تقریباً چار گھنٹے لگے۔
ایک سیکورٹی اہلکار نے بتایا کہ مرنے والوں میں 9 ہندوستانی اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل ہے۔
واضح رہے کہ مالدیپ کی سیاسی جماعتیں اپنے ہاں غیر ملکی کارکنوں کے حالات پر تنقید کرتی رہتی ہیں جو انتہائی نامساعد حالات میں وہاں روزگار کی خاطر مقیم ہیں۔
مالے کی ڈھائی لاکھ آبادی میں نصف تعداد انہی کی ہے۔ ان کا تعلق زیادہ تر بنگلہ دیش، ہندوستان، نیپال، پاکستان اور سری لنکا سے ہے۔