ڈاوس میں وزیراعلیٰ تلنگانہ کی بڑی کامیابی۔کاسمیٹک کمپنی لوریال حیدرآباد میں دنیا کا پہلا بیوٹی ٹیک مرکز قائم کرے گی
مشہور عالمی کاسمیٹک کمپنی لوریال نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر 2026 میں حیدرآباد میں دنیا کا پہلا بیوٹی ٹیک ہب شروع کرے گی۔ یہ اعلان لوریال کے سی ای او نکولس ہیرونیمس نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران کیا اور حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر گلوبل کیپیبلٹی سنٹر قائم کرنے کے اعلان پر مسرت کا اظہار کیا۔
حیدرآباد: عالمی معاشی فورم میں وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ رائزنگ وفد نے ایک اور بڑی عالمی سرمایہ کاری حاصل کر لی ہے۔
مشہور عالمی کاسمیٹک کمپنی لوریال نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر 2026 میں حیدرآباد میں دنیا کا پہلا بیوٹی ٹیک ہب شروع کرے گی۔ یہ اعلان لوریال کے سی ای او نکولس ہیرونیمس نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران کیا اور حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر گلوبل کیپیبلٹی سنٹر قائم کرنے کے اعلان پر مسرت کا اظہار کیا۔
یہ نیا مرکز لوریال کے لئے عالمی سطح پر اختراع، ٹکنالوجی، ڈیٹا اور سپلائی چین کے مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ یہاں سے تیار کردہ مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس پر مبنی ٹکنالوجی سلوشنس دنیا بھر میں لوریال کے یونٹس کو فراہم کئے جائیں گے۔
کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ یہ مرکز حیدرآباد کی عالمی کاروباری ساکھ کو مزید مضبوط کرے گا۔ کمپنی نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور وزیر سریدھر بابو کو نومبر 2026 میں اس مرکز کے افتتاح کے لئے دعوت بھی دی ہے۔
وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ اب نہ صرف میڈ ٹیک اور ہیلت ٹیک بلکہ بیوٹی ٹیک جیسے نئے شعبوں میں بھی دنیا کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میریٹ، نیٹ فلکس، میک ڈونلڈز اور ہائنکن جیسی عالمی کمپنیاں پہلے ہی حیدرآباد کو اپنے جی سی سی آپریشن کے لئے منتخب کر چکی ہیں۔
ملاقات کے دوران وفد نے کمپنی کو مستقبل میں حیدرآباد میں مینوفیکچرنگ یونٹ لگانے کی تجویز بھی دی جس پر لوریال کے سی ای او نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔