پی جی ڈگری کے بعد اب یہ ذمہ داری نبھانا ہوگی لازمی
کنوینر کوٹہ کے تحت پی جی ڈگری مکمل کرنے والوں کیلئے ایک سالہ سرکاری خدمات لازمی، خلاف ورزی پر 20 لاکھ اور ڈپلومہ ڈاکٹرس پر 10 لاکھ روپے جرمانہ۔
حیدرآباد(منصف نیوزبیورو)تلنگانہ میں کنوینر کوٹہ کے تحت پی جی میڈیکل ڈگری اور ڈپلومہ کورسز مکمل کرنے والے ڈاکٹرس کے لیے ایک سال تک سرکاری ہاسپٹلس میں خدمات انجام دینا لازمی ہوگا۔
اس سلسلے میں کمپلسری گورنمنٹ سرویس کونسلنگ کا شیڈول ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن نے ہفتہ کے روز جاری کردیا ہے۔ محکمہ نے اہل امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 16 نومبر سے 22 نومبر تک آن لائن ویب آپشنس درج کریں اور یکم دسمبر سے 5 دسمبر کے درمیان الاٹ کردہ ہاسپٹل میں رجوع ہوں۔
امیدوار 16 نومبر کو صبح 11 بجے سے 22 نومبر کی رات 11:59 بجے تک ویب سائٹ dme.telangana.gov.in پر اپنے آپشنس درج کرسکتے ہیں۔ پی جی فائنل امتحان میں حاصل کردہ نشانات کی میرٹ کی بنیاد پر پوسٹنگ دی جائے گی۔
الاٹ کردہ ہاسپٹل میں رجوع نہ ہونے یا ایک سالہ لازمی خدمات مکمل نہ کرنے کی صورت میں بانڈ کی شرائط کے مطابق جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ پی جی ڈگری مکمل کرنے والے ڈاکٹرس پر 20 لاکھ روپے جبکہ ڈپلومہ مکمل کرنے والوں پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پوسٹنگ حاصل کرنے والے امیدواروں کو یکم دسمبر سے 5 دسمبر کے درمیان متعلقہ میڈیکل کالج کے پرنسپل، ڈائرکٹر یا ڈین کے پاس رپورٹ کرنا ہوگا۔