تلنگانہ انتخابات:اے آئی سی سی لیڈران اور مختلف کانگریسی وزراء آخری مرحلہ میں مہم چلائیں گے
اے آئی سی سی کے تمام سرکردہ لیڈران تلنگانہ کی انتخابی مہم کے آخری مرحلہ کے لیے میدان میں اتریں گے۔
حیدرآباد: اے آئی سی سی کے تمام سرکردہ لیڈران تلنگانہ کی انتخابی مہم کے آخری مرحلہ کے لیے میدان میں اتریں گے۔
اے آئی سی سی کے سرکردہ لیڈروں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ملیکارجن کھرگے، کرناٹک کے وزیراعلی سدارامیا، نائب وزیراعلی ڈی کے شیوکمار، بھوپیش پٹیل، چدمبرم،راجستھان اور ہماچل پردیش کے وزرائے اعلی تلنگانہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔
اس کے علاوہ تلنگانہ کی اداکارہ سے سیاستداں بنی وجے شانتی سابق رکن پارلیمنٹ جو حال ہی میں بی جے پی سے کانگریس میں شامل ہوئیں، بھی اس مہم میں حصہ لیں گی۔
سابق مرکزی وزراء اور سابق وزرائے اعلیٰ کے دورہ تلنگانہ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اے آئی سی سی کے اعلیٰ رہنماؤں کے دوروں کا سلسلہ اس ماہ کی 22 تاریخ سے شروع ہوگا۔ ملکارجن کھرگے اس مہینے کی 22 تاریخ کو عالم پور اور نلگنڈہ میں انتخابی مہم چلائیں گے۔
وجے شانتی کھمم، محبوب نگر اور گریٹر حیدرآباد کے قریبی حلقوں کا دورہ کریں گی۔ پی سی سی کا ورکنگ گروپ انتخابی مہم کے انتظامات میں مصروف ہے۔ کانگریس پارٹی کی طرف سے حال ہی میں اعلان کردہ 6ضمانتوں پر منشور میں انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
کانگریس کے لیڈران رائے دہندوں کو چندرشیکھرراو حکومت کی ناکامیوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کی جانب سے کیے جانے والے وعدوں اور ضمانتوں کی تفصیلات سے واقف کروائیں گے۔ پارٹی نے مہم کے آخری مرحلہ کے دوران سونیا گاندھی کو ریاست کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
اس دوران پارٹی کے اندرونی سروے سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آئے گی۔ اے آئی سی سی بھی ریاستی قیادت سے وقتاً فوقتاً رپورٹس طلب کررہی ہے اور ان کا تجزیہ کررہی ہے۔ اے آئی سی سی لیڈران، ٹیمیں، حکمت عملی کے ماہرین اور دیگر ریاستوں کے لیڈران تلنگانہ انتخابات کے لئے کام کررہے ہیں۔ وہ پچھلے تین ماہ سے یہاں اپنی سرگرمیاں چلارہے ہیں۔