ایشیاء

پاکستان میں ناموس ِ رسالتؐ قانون کے تحت عیسائی کو سزائے موت

اس نے کہا تھا کہ کچھ پیسے کم لے لو کیونکہ میں پیغمبر اسلام ؐ کا امتی ہوں۔ اشفاق مسیح نے پیسے کم کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ میں عیسائی ہوں اور میرا ماننا ہے کہ حضرت عیسیٰؑ آخری پیغمبر ہیں۔

لاہور: پاکستان کی ایک عدالت نے ایک عیسائی کو اہانت ِ اسلام کا خاطی ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی ہے۔ اشفاق مسیح 2017 سے جیل میں بند ہے۔ سیکل میکانک اشفاق مسیح کی ایک مسلم گاہک سے بحث ہوگئی تھی۔ مسلمان گاہک نے سیکل رپیر کرانے کے بعد 40 روپے دینے سے انکار کردیا تھا۔

 اس نے کہا تھا کہ کچھ پیسے کم لے لو کیونکہ میں پیغمبر اسلام ؐ کا امتی ہوں۔ اشفاق مسیح نے پیسے کم کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ میں عیسائی ہوں اور میرا ماننا ہے کہ حضرت عیسیٰؑ آخری پیغمبر ہیں۔ اس پر مسلم گاہک بھڑک گیا اور اس نے اشفاق مسیح کو ختم نبوت سے انکار کے الزام میں گرفتار کرادیا۔

 جون 2017 میں گرفتاری کے بعد سے اشفاق مسیح جیل میں بند ہے۔ 5 سال بعد لاہور کی ایک عدالت نے اسے سزائے موت سنادی۔ اشفاق مسیح کی بیوی اور لڑکی اس کی رہائی کی دہائی دیتے رہے۔ 2019 میں اشفاق مسیح کی ماں چل بسی تھی۔ اس وقت اسے ماں کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ اشفاق مسیح کے خاندان کو لاہور چھوڑکر کہیں اور پناہ لینی پڑی۔