ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو 1-2 سے ہرادیا
ایشین چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہرمن پریت سنگھ کی ٹیم انڈیا نے ہفتہ کو پول مرحلے کے میچ میں روایتی حریف پاکستان کو 2-1 سے شکست دی۔
نئی دہلی: ایشین چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہرمن پریت سنگھ کی ٹیم انڈیا نے ہفتہ کو پول مرحلے کے میچ میں روایتی حریف پاکستان کو 2-1 سے شکست دی۔
کپتان ہرمن پریت نے دونوں گول کئے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی لگاتار پانچویں جیت ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں جنوبی کوریا کو 3-1 سے شکست دی تھی۔ وہیں دوسرے میچ میں ٹیم انڈیا نے ملائیشیا کو 8-1 سے شکست دی۔
تیسرے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے جاپان کو 5-1 سے شکست دی۔ اس کے علاوہ چوتھے میچ میں ہرمن پریت کی ٹیم نے چین کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ ہندوستان نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک 21 گول اسکور کیے ہیں جبکہ اس نے چار گول کو تسلیم کیا ہے۔
ہندوستان کے دفاع نے بہت اچھا کام کیاہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہرمن پریت نے 5 اور اریجیت سنگھ نے 3 گول کئے۔ ہندوستان کیلئے ہرمن پریت سنگھ نے دونوں گول 13ویں اور 19ویں منٹ میں کئے جبکہ پاکستان کیلئے واحد گول احمد ندیم نے ساتویں منٹ میں کیا۔ احمد ندیم نے گول کرکے پاکستان کو 1-0 سے آگے کر دیا تھا۔
تاہم ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے ٹیم انڈیا میں واپسی کی۔ سیمی فائنل میچ 16 ستمبر اور فائنل میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ میچ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی۔ تاہم ریفری نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ کو ٹھنڈا کرایا اور پاکستانی کھلاڑی کو یلو کارڈ دیا جس کی وجہ سے انہیں 10 منٹ کیلئے میدان چھوڑنا پڑا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کھیل کے آخری 10 منٹ باقی تھے۔ سنسنی خیز میچ میں پاکستان 2-1 سے پیچھے تھا اور واپسی کا راستہ تلاش کر رہا تھا۔ اس دوران اشرف وحید رانا نے جوگراج سنگھ سے گیند چھیننے کیلئے خراب ٹیکل کی جس کے باعث جوگراج میدان میں گرکر زخمی ہوگئے۔ اس سے کپتان ہرمن پریت ناراض ہوگئے اور رانا کے ساتھ گرما گرم بحث ہوئی۔