تلنگانہ: آرٹی سی بسوں میں خواتین کا مفت سفر۔اسمارٹ کارڈس جاری کرنے کا فیصلہ
ان کارڈس کے ذریعہ خواتین نہ صرف آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی بلکہ اس میں رقم جمع کروا کر میٹرو اور ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں میں بھی سفر کیا جا سکے گا۔ حکومت کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں اسی کارڈ کو راشن، طبی خدمات اور دیگر سرکاری اسکیموں سے بھی منسلک کر دیا جائے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں خواتین کے لئے مہالکشمی اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی مفت بس سروس میں ریاستی حکومت جلد ہی اہم تبدیلیاں کرنے جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، آر ٹی سی کے اعلیٰ حکام ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید ٹکنالوجی سے لیس کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں جس کے تحت اب ریاست کی تمام خواتین کو ’اسمارٹ کارڈس‘جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں حکومت نے ’کامن موبلٹی کارڈس‘ کی تیاری کے لئے ’سنٹر فار گڈ گورننس‘کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ یہ کارڈس محض بس پاس ہی نہیں ہوں گے بلکہ انہیں ایک ملٹی پرپز ڈیجیٹل والٹ کے طور پر ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
ان کارڈس کے ذریعہ خواتین نہ صرف آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی بلکہ اس میں رقم جمع کروا کر میٹرو اور ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں میں بھی سفر کیا جا سکے گا۔ حکومت کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں اسی کارڈ کو راشن، طبی خدمات اور دیگر سرکاری اسکیموں سے بھی منسلک کر دیا جائے۔
اس اسمارٹ کارڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اسے حاصل کرنے کے بعد خواتین کو بار بار اپنا آدھار کارڈ ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے ذریعہ آر ٹی سی کو یہ سمجھنے میں بھی مدد ملے گی کہ کن روٹس پر مسافروں کا ہجوم زیادہ ہے تاکہ وہاں مزید بسیں چلائی جا سکیں۔
حکومت کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں شفافیت آئے گی اور یہ ریاست میں ایک بڑے ڈیجیٹل انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ مہالکشمی اسکیم کے آغاز سے اب تک خواتین تقریباً 255 کروڑ مرتبہ مفت سفر کر چکی ہیں جس کے عوض حکومت نے آر ٹی سی کو 8,500 کروڑ روپے کے فنڈس جاری کئے ہیں۔