سمیتا سبھروال کے مکان میں گھسنے والا ڈپٹی تحصیلدار معطل
حکومت تلنگانہ نے پیر کے روز ڈپٹی تحصیلدار کو خدمات سے معطل کردیا ہے جنہیں سینئر آئی اے ایس آفیسر و چیف منسٹر کی سکریٹری سمیتا سبھروال کے مکان میں گھسنے کی پاداش میں گرفتار کیاگیاتھا۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے پیر کے روز ڈپٹی تحصیلدار کو خدمات سے معطل کردیا ہے جنہیں سینئر آئی اے ایس آفیسر و چیف منسٹر کی سکریٹری سمیتا سبھروال کے مکان میں گھسنے کی پاداش میں گرفتار کیاگیاتھا۔
اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے حکومت نے ڈپٹی تحصیلدار آنند ریڈی کو خدمات سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹر میڈچل ملکاجگری نے ڈپٹی تحصیلدار کی معطلی کے احکام جاری کئے ہیں۔
محکمہ ریونیو کے عہدیداروں نے آنند ریڈی کو جو فی الوقت چنچل گوڑہ سنٹرل جیل میں بند ہیں‘ احکام معطلی حوالے کئے۔ آئی اے ایس آفیسر کے مکان میں سرکاری عہدیدار کے گھسنے کا یہ واقعہ 19 جنوری کی شب پیش آیا مگر اتوار کو یہ واقعہ منظر عام پر آیا۔
آنند ریڈی‘ یہ کہتے ہوئے کہ ہائی سیکوریٹی والے آئی اے ایس آفیسرس کوارٹرس جوبلی ہلز میں داخل ہوئے کہ وہ B-17 کوارٹر جارہے ہیں مگر وہ B-11 ویلا میں داخل ہوئے جو خاتون آفیسر کے لئے مختص ہے۔
ڈپٹی تحصیلدار آنند ریڈی نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ انہوں نے سمیتا کو ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آپ کے گھر کے دروازہ پر ہیں۔ پولیس نے ڈپٹی تحصیلدار آنند ریڈی اور ان کے ساتھی بابو کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جہاں مجسٹریٹ نے ان دونوں کو 14 دنوں تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔