تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ کی "جن ہت پدیاترا یاترا” جاری
تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ کی "جن ہت پدیاترا یاترا" ریاست میں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے مسلسل جاری ہے۔ دوسرا مرحلہ 24 اگست کو کریم نگر ضلع سے شروع ہوا جو چپہ ڈنڈی اور ورنگل ضلع کے وردھنا پیٹ حلقہ تک جاری رہا۔
حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ کی "جن ہت پدیاترا یاترا” ریاست میں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے مسلسل جاری ہے۔ دوسرا مرحلہ 24 اگست کو کریم نگر ضلع سے شروع ہوا جو چپہ ڈنڈی اور ورنگل ضلع کے وردھنا پیٹ حلقہ تک جاری رہا۔
اس سے قبل پہلا مرحلہ گزشتہ ماہ 31 جولائی سے 4 اگست تک پانچ دنوں تک وقارآباد، نظام آباد اور عادل آباد اضلاع میں منعقد کیا گیا تھا، جس کا آغاز پرگی کے قریب رنگاپور سے ہوا اور مارچ عادل آباد کے خانہ پور تک پہنچا۔
مہیش کمار گوڑ کا تیسرے مرحلے کا پروگرام بھی طے پاگیا ہے۔ وہ 28 اگست کو نلگنڈہ ضلع کے نکریکل اسمبلی حلقہ میں اور 29 اگست کو ناگرکرنول ضلع کے اچم پیٹ اسمبلی حلقہ میں اپنی یاترا جاری رکھیں گے۔
بعد ازاں 30 اگست کو وہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں جاری "ووٹ چور” تحریک کے تحت اے آئی سی سی کے طلب کردہ "ووٹ چور گدی چھوڑو” جلسہ عام میں شریک ہوں گے۔
مہیش کمار گوڑ نے یاترا کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کانگریس حکومت عام آدمی کی حکومت ہے جو ہر طبقہ کے فلاحی اقدامات کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیموں اور کسانوں کے لئے خصوصی سہولتوں کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سابقہ بی آر ایس حکومت نے عوام کو گمراہ کیا اور ریاست کو قرضوں کے بوجھ تلے دبایا، جبکہ کانگریس پارٹی کا مقصد شفاف حکمرانی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پدیاترا کا مقصد دیہی علاقوں میں عوامی مشکلات کا قریب سے جائزہ لینا اور ان کے حل کے لئے حکومت کو متوجہ کرنا ہے۔