تلنگانہ: بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کوراغب کرنے کیلئے گلوبل سمٹ 2047 کی تیاری
تلنگانہ کی ریونت ریڈی حکومت ”تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ“ کو ایک انتہائی باوقار اور پرعزم تقریب کے طور پر دیکھ رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد ریاست میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی ریونت ریڈی حکومت ”تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ“ کو ایک انتہائی باوقار اور پرعزم تقریب کے طور پر دیکھ رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد ریاست میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
سمٹ کے انعقاد کے لئے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جا رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ مسلسل اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔
یہ گلوبل سمٹ8اور9دسمبر کو کو رنگا ریڈی ضلع کے کندوکورمنڈل کے میرخان پیٹ میں واقع فیوچر سٹی کے علاقہ میں منعقد ہو گی۔ تقریب کے لیے تقریباً100ایکڑ کے وسیع رقبہ پر تیاریوں کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے، جہاں بڑے سمینارہالس کے لئے زمین کو مسطح کیا جا رہا ہے۔
توقع ہے کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی تقریباً 3000 سے زائد ممتاز شخصیات سمٹ میں شرکت کریں گی۔
حکام نے قومی اور بین الاقوامی صنعت کاروں کو کسی بھی مشکل سے بچانے کے لئے جامع اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
سمٹ سے متعلق کئی اہم فیصلے لئے گئے ہیں، جنہیں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کی موجودگی میں حتمی شکل دی جائے گی۔