سوشیل میڈیا

ویڈیو: شادی کے اسٹیج پر ڈانس کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ایک شخص کی موت

مہلوک شخص کی شناخت دلیپ راؤجکر کے طور پر کی گئی ہے جو بھیلائی اسٹیل پلانٹ کا منیجر بتایا جاتا ہے۔ یہ پورا واقعہ کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

بالود: چھتیس گڑھ کے بالود ضلع میں پیش آئے ایک چونکا دینے والے واقعہ میں ایک شخص کی اچانک دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ اس شخص کو اس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ ایک شادی کی تقریب میں اسٹیج پر جارحانہ انداز میں ڈانس کر رہا تھا۔ یہ واقعہ 5 مئی کو ضلع کے دَلّی راجہارا قصبے میں پیش آیا۔

مہلوک شخص کی شناخت دلیپ راؤجکر کے طور پر کی گئی ہے جو بھیلائی اسٹیل پلانٹ کا منیجر بتایا جاتا ہے۔ یہ پورا واقعہ کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

دلیپ راؤجکر، ڈونگر گڑھ میں اپنی بھانجی کی شادی کی تقریب میں شریک تھے۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ شخص اسٹیج پر جارحانہ انداز میں رقص کررہا ہے۔ کچھ دیر بعد دلیپ بے چین ہونے لگے اور اسٹیج پر بیٹھ گئے۔ کچھ لمحوں بعد وہ اپنی پیٹھ کے بل گرے اور اسٹیج پر ہی ان کا دم نکل گیا۔

دلیپ کے ساتھی نے بتایا کہ دلیپ ایک بہت ہی خوش مزاج شخص تھے۔ شادی کے دن انہوں نے اسٹیج پر پورے جوش و خروش سے رقص کیا۔  اسٹیج پر پنجابی گانے پر رقص کرتے ہوئے ان کی موت ہوگئی۔ جب یہ حادثہ پیش آیا تو دولہا اور دلہن بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

نارسنگ ملٹی اسپیشلٹی ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تریش راؤتے نے بتایا کہ جب جسم کو خون کی زیادہ گردش کی ضرورت ہوتی ہے تو دل بہت تیزی سے کام کرنے لگتا ہے۔ ایسی حالت میں شریانوں میں جمع ہونے والی چربی دل کو خون کی فراہمی میں رکاوٹ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ لوگ باقاعدگی سے اپنا چیک اپ کراتے رہیں۔

واضح رہے کہ جم میں ورزش یا ڈانس کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے اموات کے کئی واقعات ملک کے مختلف حصوں میں پیش آرہے رہیں جن کی خبریں بھی لگاتار موصول ہورہی ہیں۔