تلنگانہ: محبوب نگر میں ٹینکر اور کنٹینر میں خوفناک تصادم، ایک ڈرائیور زندہ جھلس کرہلاک
اس دلخراش حادثہ میں، ٹینکر کا ڈرائیور آگ کی لپیٹ میں آ کر موقع پر ہی زندہ جھلس کر ہلاک ہو گیاتاہم، موقع پر موجود مقامی افرادنے فوری کارروائی کرتے ہوئے کنٹینر ٹرک کے شیشے توڑ کر اس کے ڈرائیور کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع میں گزشتہ رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ہنواڑہ منڈل کی پلے مونی کالونی کے قریب ایک ایتھنائل ٹینکر اور لوہے کے سامان سے لدے ہوئے ایک کنٹینر ٹرک کے درمیان شدید ٹکر ہو گئی۔
اس تصادم کے فوری بعد ایتھنائل ٹینکر میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور اس کے پھٹنے سے آگ کے شعلے اونچے بلند ہوئے۔
اس دلخراش حادثہ میں، ٹینکر کا ڈرائیور آگ کی لپیٹ میں آ کر موقع پر ہی زندہ جھلس کر ہلاک ہو گیاتاہم، موقع پر موجود مقامی افرادنے فوری کارروائی کرتے ہوئے کنٹینر ٹرک کے شیشے توڑ کر اس کے ڈرائیور کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
فائر بریگیڈ کے عملہ نے تقریباً تین فائر انجنوں کی مدد سے مسلسل تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
پولیس نے حادثہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کر دی۔ محبوب نگر کے ایس پی نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، ٹینکر ڈرائیور کی تیز رفتاری اس حادثہ کا سبب بنی۔